ضلع وقارآباد میں گائے کی منتقلی اورغیر مجاز افراد کو گاڑیوں کی تلاشی کی اجازت نہیں
جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے ضلع میں دس چیک پوسٹس،ضلع ایس پی نارائنا کا بیان
وقارآباد: 7۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام )
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کےضمن میں ضلع وقارآباد میں کسی بھی قیمت پر گائے منتقل نہ کی جائے۔
ضلع ایس پی نے آنیوالے عیدالاضحی اور بونال تہوار کے سلسلہ میں آج دفتر ایس پی وقارآباد سے چند رہنمایانہ قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں ۔دفتر ایس پی وقارآباد سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہیکہ قربانی کیلئے بناء جائز دستاویزات کے جانوروں کی منتقلی کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
اور جانوروں کی منتقلی کے دؤران جانوروں سے متعلق Fit For Transport سرٹیفکیٹ کا ہونا لازمی ہوگا کہ مذکورہ جانور منتقل کیے جانے کی حالت میں ہیں اور ساتھ ہی جن گاڑیوں میں جانور منتقل کیے جارہے ہوں ان گاڑیوں کے بھی مکمل دستاویزات کا موجود ہونا لازمی ہوگا۔

ضلع ایس پی ایم۔نارائنا نے کہا ہے کہ تمام جائز دستاویزات کیساتھ جانوروں کو منتقلی کے دؤران گاڑیوں میں ہر جانور کے درمیان دو اسکوائر میٹر کا فاصلہ ہونا ضروری ہے۔جانوروں کو بڑی تعداد میں گاڑیوں میں نہ ٹھونسا جائے۔
ضلع ایس پی نے انتباہ دیا ہے کہ مذکورہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔نارائنا نے کہا ہے کہ ضلع وقارآباد میں دس بین ریاستی اور بین ضلع چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں۔
ساتھ ہی ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔ نارائنا نے یہ انتباہ بھی دیا ہیکہ جانوروں کی منتقلی کے دؤران غیر مجاز اور غیر سرکاری افراد کی جانب سے گاڑیوں کو روکنے والوں،انکی حوصلہ افزائی کرنے والوں، جانوروں کو زبردستی گاڑیوں سے اتارنے والوں اور جانوروں سے لدی ہوئی گاڑیوں کو پریشان و ہراساں کرنے والوں کیخلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اور اگر کسی کو جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کی اطلاع ہو تو وہ پولیس کو اس کی اطلاع دیں اور معاملہ پر مذہبی تناؤ پیدا نہ کریں قانون کی خلاف ورزی پر ایسے افراد کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ضلع ایس پی ایم۔ نارائنا نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ سوشیل میڈیا پر منافرت پھیلانے والے قدیم یا جدید ویڈیوس ،فوٹوز یا دیگر مواد کو پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ضلع ایس پی نے انتباہ دیا ہے کہ کسی بھی مذہبی عقیدہ کے خلاف سوشیل میڈیا پرنفرت انگیز مواد نہ پھیلایا جائے۔
ضلع ایس پی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہوں اور نفرت انگیز مواد کا شکار نہ ہوں اور اگر کوئی سوشیل میڈیا پر کسی بھی مذہب کے خلاف نفرت انگیز مواد کو پھیلاتا ہے تو اس کی شکایت پولیس سے کی جائے شکایت کرنے والوں کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی اور خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلع ایس پی ایم۔ نارائنا نے کہا ہے کہ آنیوالی بقرعید اور بونال تہوار کے پرامن انعقاد کیلئے محکمہ پولیس تمام اقدامات کو یقینی بنائے گا اور ضلع میں امن و امان کی برقراری کیلئے پولیس کیساتھ عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر ایم اے رشید، وٹرنری عہدیدار ضلع وقارآباد مسٹر انیل کمار، ڈی ایس پی پرگی مسٹر سرینواس کے علاوہ دیگر موجو دتھے۔

