سپریم کورٹ نے کوویڈ مہلوکین کےورثاکو ایکس گریشیاء ادا کرنے کی ہدایت دی، اندرون 6 ہفتے گائیڈ لائن تیار کرنے کا حکم

سپریم کورٹ نے کوویڈ مہلوکین کےورثا کو ایکس گریشیاء ادا کرنے کی ہدایت دی،اندرون 6 ہفتے گائیڈ لائنس تیار کرنے کا حکم 
مرکز نے کہا ریاستوں کے پاس وبائی امراض اور دیگر آفات سماوی سے نمٹنے کیلئے فنڈس نہیں رہیں گے!

نئی دہلی :30۔جون(سحر نیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ملک کی سب سے اعلیٰ عدالت نے آج مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ کوویڈ وباء کے دؤران مرنے والے افراد کے ورثاء کو ایکس گریشیاء (معاوضہ) ادا کرے۔

نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق جسٹس اشوک بھوشن کی قیادت والی تین رکنی بینچ نے آج یہ حکم صادر کیا ہے ساتھ ہی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ایم ڈی اے) کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں معاوضہ کی رقم اور ادائیگی کے طریقہ کار کیلئے اندرون 6 ہفتہ لائحہ عمل(گائیڈ لائن) تیار کرے۔

 

سپریم کورٹ کی یہ تین رکنی بنچ آج اس درخواست پر سماعت کررہی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کوویڈ سے مرنے والے افراد کے ورثاء کو فی کس چار لاکھ روپئے کا معاوضہ دیا جائے۔

جس پر مرکزی حکومت نے اپنے حلف نامہ میں سپریم کورٹ کو بتایا کہ ریاستی حکومتیں اتنی بڑی مقدار میں کوویڈ مہلوکین کو معاوضہ کی ادائیگی کے موقف میں نہیں ہیں۔

اپنے حلف نامے میں مرکزی حکومت نے کہا کہ کوویڈ سے مرنے والوں کو فی کس 4 لاکھ روپئے کی ادائیگی ریاستی حکومتوں کی استطاعت سے بالاتر ہے اور اس نے استدلال پیش کیا کہ اگر ہر ایک کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے ادا کردیئے جاتے ہیں تو ، یہ ریاستی آفات سے متعلق امداد کی پوری رقم ممکنہ طور پر خرچ ہوجائے گی۔

اور ایس ڈی آر ایف فنڈ کی رقم ختم ہوجانے پر ریاستوں کے پاس دیگر آفات سماوی کے موقع پر اور وبائی امراض سے نمنٹنے کیلئے کوئی فنڈ باقی نہیں رہے گا۔جس کو سپریم کورٹ نے قبول نہیں نہ کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ایم ڈی اے) کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں معاوضہ کی رقم اور ادائیگی کے طریقہ کار کیلئے اندرون 6 ہفتہ لائحہ عمل(گائیڈ لائن) تیار کرے۔

مرکزی حکومت نے اپنے حلف نامہ میں نشاندہی کی کہ پبلک ہیلتھ دستور کی دفعہ 7 کے تحت ریاستوں کا مسئلہ ہے اور مالی سال 2021-22 کے تحت ریاستوں کے پاس ایس ڈی آرایف فنڈ کے تحت آفات سماوی اور وبائی امراض سے نمنٹنے کیلئے 22,184 کروڑ کا فنڈ موجود ہے۔

جبکہ وزارت صحت کے اعداد وشمار کے تحت ملک میں اب تک کوویڈ کی وباء سے جملہ تین لاکھ 98 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔