تانڈور میں لاک ڈاؤن،پورا شہر سنسان ،عوام گھروں میں محصور ،غیر مقامی افراد پریشان

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

تانڈور میں لاک ڈاؤن، پورا شہر سنسان،عوام گھروں میں محصور،غیر مقامی افراد پریشان

وقارآباد/تانڈور:12۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

لاک ڈاؤن کے دؤران انتہائی مصروف مانا جانے والا اندرا چوک تانڈور کا منظر۔

حکومت تلنگانہ کی جانب سے کوویڈمتاثرین کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے آج 12 مئی سے نافذ کردہ دس روزہ لاک ڈاؤن کے پہلے ہی دن تانڈور مکمل طورپر سنسان ہوکر رہ گیا۔

تانڈور کے اہم مانے جانے والے تجارتی و کاروباری علاقے گاندھی چوک،بھدریشور چوک، اندرا چوک ،لاری پارکنگ،بھدریشور چوک،امبیڈکر چوک،شانت محل چوک،ریلوے اسٹیشن کا علاقہ جہاں دن بھر عوامی چہل پہل اور خرید و فروخت کی رؤنقیں ہوا کرتی تھیں آج لاک ڈاؤن کے پہلے ہی دن ان علاقوں میں ویرانی کاقبضہ تھا!

مصروف تجارتی علاقہ قدیم ترکاری بازار کا منظر لاک ڈاؤن کے دؤران۔

اس لاک ڈاؤن کے باعث عوام نے خود کو اپنے مکانات میں محصور کرلیا ہے۔حکومت کی جانب سے اس لاک ڈاؤن میں 6 بجے صبح تا دس بجے دن تک چھوٹ دئیے جانے کے باعث عوام اشیائے ضروریہ اور دیگر اشیاء کی خریدی کے بعد دس بجے سے قبل ہی اپنے مکانات پہنچ گئے۔

عوام کی سہولت کی غرض سے دُکانداروں نے بھی صبح 6 بجے ہی اپنی دُکانات اور دیگر تجارتی اور کاروباری ادارے کھول دئیے تھے اور عوام بھی کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ماسک پہن کر بازاروں میں پہنچے اورسماجی فاصلہ قائم رکھتے ہوئے بناء کسی بھیڑبھاڑ کہ سکون کیساتھ ترکاری، گوشت، کپڑے اور دیگر اشیاء کی خریداری کی۔

تانڈور کا مصروف کاروباری علاقہ گاندھی چوک لاک ڈاؤن کے دؤران۔

دس بجنے سے عین قبل ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا کی ہدایت پر سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندرریڈی کی قیادت میں پولیس سڑکوں پر آگئی اِدھر اُدھر کھلی دکانات کو بند کروایا اور سڑکوں پر ایکا دُکا موجود لوگوں کو وہاں سے روانہ کردیا۔

عیدالفطر کی خریداری سے ہر طرف رؤنق بکھیرنے والا شہر عید سے دو دن قبل بے رؤنق ہوگیاہے۔اس طرح دس بجے کے بعد سارا شہر اور اہم مقامات سنسان ہوگئے اور دن بھر سڑکوں پر عوام کا کہیں کوئی پتہ نہیں تھا۔

دوسری جانب کل دوپہر اچانک آج سے لاک ڈاؤن کے اعلان کے باعث صرف 20گھنٹوں کا کم وقفہ رہنے کے باعث دیگر مقامات کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ تانڈور پتھر، سمنٹ اور گنج میں خرید و فروخت کا ایک بڑا مرکز ہے اور ملک کے دیگر مقامات کے بشمول ریاست کے دیگر اضلاع سے بھی یہاں خرید و فروخت کیلئے بڑی تعداد میں بیوپاری آتے جاتے رہتے ہیں۔

لاک ڈاؤن کے دؤران تانڈور کے بس اسٹانڈ کا منظر۔

حکومت کی ہدایت پر آج 6 بجے صبح سے 10 بجے دن تک آرٹی سی بس سرویس جاری رہی تاہم دور دراز مقامات جانے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

غیرمقامی افراد لاریوں کے ذریعہ اپنے مقامات کیلئے روانہ ہوتے ہوئے۔

بس اسٹانڈ کے علاقہ میں سواریوں کے دستیاب نہ ہونے کے باعث مسافرین کی بڑی تعداد میں موجودگی کی اطلاع پر سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی وہاں پہنچ گئے اور پریشان حال مسافرین سے تفصیلات حاصل کیں اور ان مسافرین کی لاریوں، جیپ گاڑیوں ،آٹو رکشاؤں کے ذریعہ روانگی کانظم کیا مجبوراً یہ مسافرین ان گاڑیوں کے ذریعہ اپنے اپنے مقامات کیلئے روانہ ہوگئے اس دؤران ضعیف افراد،خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے