اب سری لنکا میں بھی برقعہ پہننے پر عائد ہوگی مکمل پابندی، ایک ہزار سے زائد د ینی مدارس کو بند کردینے کا اشارہ

بین الاقوامی خبریں

اب سری لنکا میں بھی برقعہ پہننے پر عائد ہوگی مکمل پابندی

ایک ہزار سے زائد دینی مدارس کو بند کردینے کا اشارہ

سری لنکا/ کولمبو: 14۔مارچ (ایجنسیز)

سری لنکا اب دنیا کا ایسا 19 واں ملک بننے جارہا ہے جہاں کی مسلمان خواتین کے برقعہ پہننے پر مکمل طور پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ساتھ ہی وہاں کے ایک وزیر نے یہ اشارہ بھی دیا ہے کہ سری لنکا میں موجود ایک ہزار سے زائد دینی مدارس کو بھی بند کروادیا جائے گا!

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق کل ہفتہ کو سری لنکا کے وزیر برائے عوامی تحفظ سارتھ ویراسکیرا نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے جمعہ کو ” قومی سلامتی ” کی بنیاد پرمسلمان خواتین کی جانب سے مکمل چہرہ ڈھانپنے پر پابندی عائد کیے جانے کے فیصلہ پر مبنی کابینہ سے منظوری کیلئے ایک کاغذ پر دستخط کیے ہیں۔

فائل فوٹو

انہوں برقعہ کو مذہبی انتہا پسندی کی نشانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے دنوں میں سری لنکا میں مسلم خواتین اور لڑکیاں کبھی برقعہ نہیں پہنتی تھیں، تاہم حال ہی میں یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بڑی تعداد میں مسلم خواتین اور لڑکیاں برقعہ پہن رہی ہیں اور ہم اس پر یقینی طور پر پابندی عائد کرنے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ 28 اپریل 2019 کو بدھ مت مذہب کے ماننے والوں کے اکثریتی ملک سری لنکا کے ایک اور اقلیتی طبقہ عیسائیوں کے تہوار ایسٹر کے موقع پر چند جنونی عسکریت پسندوں نے سری لنکا کے چرچوں اور ہوٹلوں میں خوفناک فائرنگ اور بم دھماکوں کے ذریعہ 359 بے گناہ انسانوں کا قتل کردیا تھا جن میں 38 غیر ملکی باشندے بھی شامل تھے جن کا تعلق امریکہ ، برطانیہ اور ہندوستان سے تھا۔

اس دہشت گردانہ واقعہ کے بعد سری لنکا میں مسلم خواتین اور لڑکیوں کے برقعہ پہننے پر عارضی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

فائل فوٹو

سری لنکا کے وزیر برائے عوامی تحفظ سارتھ ویراسکیرا نے یہ بھی کہا کہ حکومت سری لنکا کا یہ بھی منصوبہ ہے کہ سری لنکا میں موجود ایک ہزار سے زائد دینی مدارس و مکاتب پر پابندی عائد کردی جائے اس کا جواز سارتھ ویراسکیرا نے یہ پیش کیا کہ یہ دینی مدارس ملک کی قومی تعلیمی پالیسی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

فائل فوٹو

کورونا وباء کے آغاز کے بعد وہاں کی حکومت نے سری لنکا میں کووڈ سے فوت ہونے والے مسلمانوں کی میتوں کو نذرآتش کرنے کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔تاہم امریکا اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے گروپس کی جانب سے اس لزوم  کی مخالفت اور شدید تنقید کے بعد جاریہ سال اس پابندی کو ہٹا لیا گیا۔

سری لنکا میں اگر سرکاری طورپر مسلمان خواتین اور لڑکیوں کے برقعہ پہننے پر واقعی مکمل پابندی عائد کردی جاتی ہے تو سری لنکا دنیا کا ایسا 19 واں ملک بن جائے گا جہاں مسلم خواتین پر برقعہ پہننے کی پابندی عائد کی گئی ہے جن میں آسٹریا ، ڈنمارک ، فرانس ، بلجیم ، لکسمبرگ ،تاجکستان ، بلغاریہ ،کیمرون ، گابون ، مراقش، تونیسیا ، چاڈ ، ری پبلک آف کانگو ،الجیریا ، اُزبیکستان، سوئزر لینڈ ، نیدر لینڈ کے علاوہ چین کے چند شہر شامل ہیں۔