وقارآبادضلع: شرابی بیٹے نے ماہانہ وظیفہ کے ایک ہزار روپئے کے لیے ماں کا قتل کردیا
وقارآباد؍پرگی: 25۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے پرگی اسمبلی حلقہ میں ایک اکلوتے بیٹے نے اپنی ماں کو محض اس کے ماہانہ وظیفہ پیرانہ سالی کے مزید ایک ہزار روپئے کی رقم کے لیے قتل کردیا جبکہ وظیفہ کے جملہ دو ہزار روپئے کی رقم میں سے وہ ایک ہزار روپئے پہلے ہی لے چکا تھا۔
پرگی منڈل کے موضع خداوند پور میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات موضع کی ساکن بھیمماں (62سالہ) کا اس کے بیٹے بلونت 30سالہ نے مکان میں برقی وائر کی مدد سے گلاگھونٹ کر قتل کردیا گیا۔اطلاع پر پولیس جائے مقام پر پہنچ گئی اور بلونت 30؍سالہ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
سرکل انسپکٹر پولیس پرگی لکشمی ریڈی نے میڈیا بتایا کہ بیروزگار بلونت گزشتہ چند سال سے عادی شرابی ہوگیا تھا اور اپنا شوق پورا کرنے کے لیے اپنی ماں کو ہراساں کرتا تھا اور مارپیٹ بھی کرتاتھا۔
جبکہ چند سال قبل بلونت کی شادی رمادیوی سے ہوئی تھی اور اس جوڑے کو دو بچے بھی ہیں تاہم بلونت ماں کے ساتھ ساتھ شراب کے لیے پیسوں کی خاطر ماں کے ساتھ بیوی کو بھی مارپیٹ کرنے لگا تھا جس سے تنگ آکر دو سال قبل بلونت کی بیوی رمادیوی اپنے دونوں بچوں کے ساتھ اپنے مائیکہ منتقل ہوگئی۔اس کے بعد سے بلونت پیسوں کے لیے اپنی ماں کو ہراساں کرتا رہتا تھا۔
بھیمماں کو کل حکومت کی جانب سے آسرا اسکیم کے تحت دئیے جانے والے ماہانہ وظیفہ کی رقم دو ہزار روپئے حاصل ہوئی تھی دوپہر میں بلونت ماں سے مارپیٹ اور جھگڑا کرتے ہوئے اس رقم میں سے ایک ہزار روپئے لے کر چلا گیا اور رات شراب کے نشے میں ماں سے مزید ایک ہزار روپئے دینے کے لیے جھگڑا کرنے لگا تھا۔
رشتہ داروں اور گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ وظیفہ کی ماباقی رقم ایک ہزار روپئے حاصل کرنے کے لیے رات بلونت نے ہی اپنی ماں کا گلا گھونٹ کرقتل کردیا۔اس قتل کے معاملہ میں پولیس نے بیٹے بلونت کو گرفتار کرلیا ہے اور بعد پنچنامہ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم پرگی کے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا۔اس سلسلہ میں پرگی پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔
بھیمماں کے قتل کی اطلاع پر صدر پرگی منڈل کانگریس مینارٹی سیل محمد ایوب نے مکان پہنچ کربھیمماں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے اپنی جانب سے پانچ ہزار روپئے بھیمماں کے رشتہ داروں کے حوالے کیے اس موقع پر موضع کے سرپنچ گوپال،وارڈ ممبرس صدام،یادیا،نرسملو،صدر کانگریس خداوندپورمحمدمحمود،نائب صدرمنڈل سری سیلم،کرشنیا ،ملیش،فیروز،افروز کے علاوہ دیگر موجود تھے۔