اسپائس جیٹ کی دہلی۔جبلپور فلائٹ کے اندر پرواز کے دؤران پانچ ہزار فیٹ کی بلندی پر دھواں، بحفاظت دہلی واپسی

اسپائس جیٹ کی دہلی۔جبلپور فلائٹ کے اندر پرواز کے دؤران 
پانچ ہزار فیٹ کی بلندی پر دھواں،بحفاظت دہلی واپسی

نئی دہلی:02۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

دہلی۔جبلپور اسپائس جیٹ طیارہ (SG-2962) کی فلائٹ کو آج ہفتہ کی صبح دہلی ہوائی اڈے پر واپس اترنا پڑا جب کیبن کے عملےنے جہازکے اندر دھواں دیکھا اس وقت یہ طیارہ 5000 فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا۔اسپائس جیٹ کے ترجمان نے کہاکہ تمام مسافر دہلی ہوائی اڈے پر بحفاظت جہاز سے اترگئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں دکھایا گیا ہے کہ کیبن میں دھواں داخل ہوتے ہی مسافر اخبارات اور ایئرلائن کے کتابچے سے کو ہوا کر تے ہوئے اس دھویں سے خود کوبچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف سوربھ چھابڑا جواس فلائٹ میں سفر کررہے تھے نے بتایا کہ جہازکے اندر کیا ہوا تھا۔”آج صبح اس واقعہ کاسامنا کرنا پڑا۔ایسا لگتا ہے کہ اسپائس جیٹ غیر محفوظ ہے…ایک بار جب مسافروں میں گھبراہٹ شروع ہوئی تو طیارہ کو واپس دہلی لایاگیا۔جہاز میں آگ لگ گئی تھی۔شکر ہے کہ ہم محفوظ ہیں لیکن طویل انتظار کررہے ہیں۔ان کے پاس بیک اپ نہیں ہے،”انہوں نے ساتھ ہی ٹوئٹر پر مسافرین کے جہاز سے اترنے کا ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے”۔

 

اسپائس جیٹ ایسے پے در پہ واقعات کے بعد تنقیدوں کی زد میں ہے اورمسافروں کی حفاظت پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ 19 جون کو دہلی جانےوالی اسپائس جیٹ کی پرواز کوپرندے سے ٹکرانے کے بعد پٹنہ ہوائی اڈے پرایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔25 جون کو پٹنہ-گوہاٹی اسپائس جیٹ کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹیک آف کو روکنا پڑا۔ ہوائی جہاز کے پچھلے سرے پر ایک دروازے پر ایک خودکار وارننگ لائٹ آن ہوگئی۔ جبکہ 4 مئی کو چنئی-درگاپور اسپائس جیٹ کی پرواز ایک خرابی کی وجہ سے چنئی واپس ہوئی۔

وہیں اسپائس جیٹ ایئر لائن،تاخیر سے پروازوں اور سیکورٹی سے متعلق بہت سےواقعات کے لیے تنقید کا نشانہ بنتی جارہی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے گزشتہ ماہ اسپائس جیٹ پر اپنے بوئنگ 737 میکس طیارے کے پائلٹوں کو ناقص سمیلیٹر پر تربیت دینے پر 10 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا تھا کیونکہ اس سے پرواز کی حفاظت پر منفی اثر پڑسکتا تھا۔وہیں ماہ اپریل میں ڈی جی سی اے نے اسپائس جیٹ کے 90 پائلٹوں کو مناسب طریقے سے تربیت یافتہ نہ ہونے کے بعد میکس طیارے کو چلانے سے روک دیا تھا۔