اے سی بی نے وقارآباد کے سائٹ انجنیئر کوسات ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیا

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے
وقارآباد کے سائٹ انجنیئر کوسات ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیا

حیدرآباد/وقارآباد: 08۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

کل ہی ضلع رنگاریڈی کے بالانگر سب رجسٹرار دفتر میں 75 ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے سب رجسٹرار نظام الدین اور ڈاکیومنٹ رائٹر ضیاء الدین کو محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) کے عہدیداروں نے جال بچھاکر رنگے ہاتھوں پکڑلیا تھا۔

اس واقعہ کے اندرون 24 گھنٹے وقارآباد ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک سائٹ انجنیئر کو حیدرآباد کے لکڑی کا پُل علاقہ میں آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے ایک کنٹراکٹر کا بل منظور کرنے کے لیے 7 ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیا ہے۔

ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سوریہ نارائنا کے مطابق وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود پدیمول منڈل کے موضع ممباپور کے ضلع پریشد اسکول میں چار بیت الخلاؤں کی تعمیر کے لیے سرینواس نامی کنٹراکٹر کو عہدیداروں نے کنٹراکٹ دیا تھا۔

کاموں کی تکمیل کے بعد کنٹراکٹر سرینواس اپنے تین لاکھ روپئے کے بل کی ادائیگی کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن ضلع وقارآباد کے سائٹ انجنیئر ونود سے رجوع ہوکر زیر التواء بل جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔جس پر سائٹ انجنیئرونود نے کنٹراکٹر سرینواس سے سات ہزار روپئے کی رشوت طلب کی۔

جس پر کنٹراکٹر سرینواس محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع ہوتے ہوئے سائٹ انجنیئر کے خلاف شکایت درج کروائی۔

آج تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے دفتر واقع فرید مرزا اپارٹمنٹس لکڑی کا پل حیدرآباد میں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے اپنا جال بچھایا اور کنٹراکٹر سرینواس کے پاس سے بطور رشوت طلب کیے گئے ساتھ ہزار روپئے کی رقم حاصل کرتے ہوئے اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن ضلع وقارآباد کے سائٹ انجنیئر ونودکو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔

ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سوریہ نارائنا نے بتایا کہ رشوت کی رقم طلب اور قبول کرتے ہوئے پکڑے گئے رشوت خور سائٹ انجنیئر ونود کے خلاف ایک کیس درج کرکے عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے