رؤڈی سرپنچ!! گاؤں کے مسائل کی شکایت پر سرپنچ نے ایک شخص کی پِٹائی کردی

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

رؤڈی سرپنچ!!
گاؤں کے مسائل کی شکایت پر سرپنچ نے ایک شخص کی پِٹائی کردی
پولیس میں کیس درج،سرپنچ کو گرفتار اور معطل کرنے کا مطالبہ

وقارآباد:22۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

عوامی منتخبہ نمائندوں کا کام عوام کو درپیش مسائل حل کرنا ہوتا ہے انتخابات کے مواقع پر چند امیدوار رائے دہندوں کے پیر تک پکڑنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں لیکن آج وقارآباد ضلع میں ایک ایسے سرپنچ کا نیا چہرہ سامنے آیا ہے جو مسائل کی شکایت کرنے والے ایک دیہاتی کو زدوکوب کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے پیرؤں سے شکایت کنندہ کو پیٹ دیا۔

اس واقعہ کی اطلاع عام ہونے کے بعد عوام کی جانب سے تعجب اور برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے کہ کیا سرپنچ کی جانب سے اسی ردعمل کا سامنا کرنے کے لیے انہیں ووٹ دے کر منتخب کیا گیا تھا؟

وقارآباد ضلع کے مرپلی منڈل کے مؤضع داماستاپور میں پیش آئے اس قابل مذمت واقعہ کی اطلاع کے مطابق داماستا پور کا ساکن پٹلا سرینواس Pittala Srinivas نامی شخص موضع کو ڈرینج ، صاف صفائی اور آبی سربراہی سے درپیش مسائل سے واقف کروانے کی غرض سے موضع کے سرپنچ جئے پال ریڈی Jaipal Reddy سے نمائندگی کی جو کہ وہاں دو دون قبل ہونے والے ایک تنازعہ کے سلسلہ میں پنچایت بٹھاکر مصروف تھے۔

سرپنچ جئے پال ریڈی پٹلا سرینواس کی پِٹائی کرتے ہوئے (ویڈیو)

پٹلا سرینواس کی جانب سے مسائل کی شکایت اور انہیں حل کرنے کے مطالبہ پر سرپنچ جئے پال ریڈی بھڑک گئے اور وہاں موجود تمام لوگوں کے سامنے پٹلا سرینواس کی جم کر پٹائی کردی جس کے دؤران پٹلا سرینواس زمین پر گرگیا سرپنچ کا غصہ یہاں بھی کم نہیں ہوا اور دؤڑ کر اپنے ہاتھوں اور جوتوں سمیت پیرؤں سے پٹلا سرینواس کو مارنے لگ گئے وہاں موجود ایک خاتون اور دیگر افراد نے مداخلت کرتے ہوئے سرپنچ کو اس حرکت سے روک دیا۔

زخمی پٹلا سرینواس

اس اچانک پیش آنے والے واقعہ سے شکایت کنندہ پٹلا سرینواس پریشان ہوگیا اور سوچنے لگا کہ کیا سرپنچ سے موضع کے مسائل کی شکایت کرنا اتنا بڑا گناہ ہے کہ اس کے بدلے اس کو بے عزتی اور مارپیٹ کا سامنا کرنا پڑگیا؟ اس دؤران پٹلا سرینواس کے سر پر زخم بھی آئے ہیں جسے مرپلی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

ڈی ایس پی وقارآباد سنجیوا راؤ واقعہ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے۔(ویڈیو)

اس واقعہ کے بعد متاثرہ شخص پٹلا سرینواس مرپلی پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس سارے معاملہ اور سرپنچ کی جانب سے تمام لوگوں کے سامنے انتہائی اہانت آمیز رویہ اور اس کی پٹائی کی شکایت درج کروائی۔

اس سلسلہ میں ڈی ایس پی وقارآباد سنجیوا راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ موضع داماستا پور ، مرپلی منڈل کے پٹلا سرینو کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ہے جس پر ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے اور اس واقعہ کے ویڈیو کے ساتھ ساتھ گاؤں والوں نے بھی گواہی دی ہے کہ سرپنچ جئے پال ریڈی نے پٹلا سرینواس کو زدوکوب کیا ہے اس سلسلہ میں سرپنچ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب عوام کی جانب سے کلکٹر ضلع وقارآباد کے۔نکھیلا سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ سرپنچ جئے پال ریڈی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سرپنچ کے عہدہ سے فوری طور پر معطل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے