ریاستی خبریںشانتی کماری نے چیف سیکریٹری تلنگانہ کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا، چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات 11/01/202313/01/2023 - by سحر نیوز شانتی کماری نے چیف سیکریٹری تلنگانہ کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا چیف منسٹر سے ملاقات،ریاست کی پہلی خاتون چیف سیکریٹری بننے کا اعزاز حیدرآباد:11۔جنوری(سحر نیوز ڈاٹ کام) سینئر آئی اے ایس عہدیدارمحترمہ اے۔شانتی کماری نے آج 11 جنوری کی سہء پہر 15-3 بجےبحیثیت چیف سیکریٹری(سی ایس) حکومت تلنگانہ اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔اس سلسلہ میں آج ہی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کی جانب سے ان کی تقرری کا اعلامیہ جاری کیا گیاتھا۔ اس طرح 2014ء میں ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد محترمہ اے۔شانتی کماری نے ریاست تلنگانہ کی پہلی خاتون چیف سیکریٹری بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیاہے۔ چیف سیکریٹری کی حیثیت سے ان کے تقرر کےبعد محترمہ شانتی کماری نے پرگتی بھون پہنچ کروزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ سےخیرسگالی ملاقات کرتے ہوئے بحیثیت چیف سیکریٹری ان کے انتخاب پر تشکر کا اظہار کیا۔ محترمہ اے۔شانتی کماری کی جانب سے بحیثیت چیف سیکریٹری جائزہ حاصل کرنے کے بعد ریاستی ڈی جی پی انجنی کمار نے ان سے خیر سگالی ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد دی اور نیک خواہشات پیش کیں۔ اپنے اس تقرر سے قبل محترمہ اے۔شانتی کماری جن کا 1989ء آئی اے ایس بیاچ اور آندھرا پردیش سےتعلق ہے،اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ جنگلات،تلنگانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔قبل ازیں وہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ صحت اور چیف منسٹر کے دفترمیں اسپیشل سیل سیکریٹری کی حیثیت سے چار سال بہترین خدمات کا تجربہ رکھتی ہیں۔جبکہ وہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں ضلع کلکٹر کی حیثیت سے بھی صاف و شفاف خدمات کا ریکارڈ بھی رکھتی ہیں۔ محترمہ اے۔شانتی کماری تین دہوں سے بحیثیت آئی اے ایس عہدیدار غربت کے خاتمہ،تعلیم وصحت کےشعبہ جات کے علاوہ اسکل ڈیولپمنٹ اور محکمہ جنگلات کے بشمول مختلف شعبہ جات میں ایک خاموش اور بہترین عہدیدار کے طورپر خدمات انجام دے چکی ہیں۔وہ اقوام متحدہ کے مختلف ترقیاتی پروجکٹس میں دوسال خدمات انجام دینے کاریکارڈ بھی رکھتی ہیں۔ ایم ایس سی،بیالوجی کی تعلیم کے علاوہ محترمہ شانتی کماری امریکہ سے ایم بی اے کی تعلیم بھی حاصل کرچکی ہیں۔محترمہ شانتی کماری اپریل 2025ء تک سرکاری خدمات انجام دیں گی۔ یاد رہے کہ کل ہی تلنگانہ ہائی کورٹ کے حکم پر ڈپارٹمنٹ آف پرسنل اینڈ ٹرئینگ( ڈی او پی ٹی) نے چیف سکریٹری تلنگانہ مسٹر سومیش کمار کو فوری اثر کے ساتھ خدمات سے فارغ کرنے کاحکم جاری کیا تھا۔ان احکامات میں ڈی او پی ٹی نے کہاتھاکہ سومیش کمار 12 جنوری تک حکومت آندھراپردیش کو رپورٹ کریں۔2014ء میں متحدہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کےدوران مسٹرسومیش کمار کی خدمات مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کو تفویض کی تھیں۔تاہم اس وقت سنٹرل ایڈمنسٹر یٹیوٹریبونل نے مرکزی حکومت کے حکم کو روکتے ہوئے تلنگانہ میں ہی انہیں خدمات جاری رکھنے کی اجازت پرمشتمل احکام جاری کیے تھے۔ مسٹر سومیش کمار ان احکامات کے تحت تلنگانہ میں ہی اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے تھے۔2017 میں مرکز نے سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے حکم کو منسوخ کرنے کے لیے ریاستی ہائی کورٹ سے رجوع کیاتھا۔کل 10 جنوری کو تلنگانہ ہائی کورٹ کے معززچیف جسٹس اجل بھویان کی بنچ نے سومیش کمار کی خدمات کو فوری عمل کے ساتھ آندھراپردیش کو تفویض کرنے کا فیصلہ صادر کیا تھا۔ Senior IAS officer A Santi Kumari is the new Chief Secretary of #Telangana pic.twitter.com/Vh1GQRvcI3 — Sarita Avula (@SaritaAvula) January 11, 2023 Share this post: