تین کروڑ 80 لاکھ روپئے کے صرفہ سے تانڈور کی سڑکوں کو بہتر بنایا جائے گا
بارش سے متاثرہ سڑکوں کا معائنہ،رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کا بیان
وقارآباد/تانڈور:24۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
تانڈور کی ابتر سڑکوں کے متعلق میڈیا اور سوشل میڈیا میں جاری عوامی تنقید کے بعد آج رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ 3 کروڑ 80 لاکھ روپئے کے صرفہ سے تانڈور کی سڑکوں کی موجودہ حالت بہتر بنائی جائے گی۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے آج بارش کے باعث تباہ ہونے والی سڑکوں کا مشاہدہ کیا انہوں نے کہا کہ تانڈور کی ترقی کے وہ اپنے وعدہ کے لئے پابند عہد ہیں اور مرحلہ واری سطح پر یہاں کے تمام مسائل کو حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ تانڈور کی سڑکوں کی مرمت کے لئے 3 کروڑ80 لاکھ روپئے منظور ہوئے ہیں اور اندرون دس یوم تمام سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور آئندہ عوام کو ان خراب سڑکوں کا مسئلہ درپیش نہیں رہے گا۔
دوسری جانب شیواجی چوک پر گڑھوں سے پُر سڑک پر دو دن قبل دو مال بردار آٹوز کے اُلٹ جانے کے بعد کل سے مقامی ٹی آرایس قائدین رکن اسمبلی کی ہدایت پر شیواجی چوک تا سینٹ مارکس ہائی اسکول تک اس سڑک کی مرمت کے کاموں میں مصروف ہیں جس سے عوام نے راحت کی سانس لی ہے۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے شیواجی چوک پر جاریہ کاموں کا مشاہدہ کرتے ہوئے ٹی آرایس قائدین کی ستائش کی اور کہا کہ اس مصروف سڑک پر موجود تمام گڑھوں کو بند کرنے سے گاڑیوں کے گزرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔
اس موقع پر صدرنشین ضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ ،نائب صدر نشین بلدیہ تانڈور دیپا نرسملو،ٹی آرایس قائدین نرسملو،نائب صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وینکٹ ریڈی ،نرسملو ، سرینواس چاری،بنٹارم بھدریشور،محمد رضوان ،معز خان ،سنتوش گوڑ اور دیگر موجود تھے۔