وقارآباد ضلع میں آج کوویڈ سے مزید 124افراد متاثر،26 کا تعلق تانڈور سے

وقارآبادضلع میں آج کوویڈ سے مزید 124 افراد متاثر،26 کا تعلق تانڈور سے

تانڈور،پرگی اور وقارآباد میں متاثرین کی تعداد میں تشویشناک اضافہ،احتیاطی اقدامات کی شدید ضرورت

وقارآباد: 7۔اپریل
(سحرنیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع میں کورونا وائرس کی جاریہ دوسری لہر کے دؤران متاثرین کی تعدادمیں تشویشناک حد تک اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔آج 7 اپریل کو ایک ہی دن ضلع کے مختلف مقامات پر جملہ 124 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔جبکہ کل 6 اپریل کو ضلع میں73 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

اس طرح کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران 16 مارچ سے آج 7 اپریل تک ضلع وقارآباد میں جملہ 785 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ 91 متاثرین کا تعلق تانڈور سے،87 متاثرین کا تعلق پرگی سے،اور 79 متاثرین کا تعلق وقارآباد سے ہے۔

آج کوویڈ سے متاثر ہونے والے 124 افراد میں سب سے زیادہ یعنی 26 متاثرین کا تعلق تانڈور سے ہے، جبکہ پرگی میں 22؍افراد، وقارآباد میں16،کلک چیرلہ اوردؤلت آباد میں 8,8، کوڑنگل اورمومن پیٹ میں 7,7 ، بشیرآباد میں5،مرپلی میں4،نواب پیٹ اور پدیمول میں تین،تین، پوڈور میں دو اور بھمرس پیٹ میں ایک،ایک شخص کوویڈ سے متاثر ہوا ہے۔

ضلع وقارآباد کے چاروں اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، پرگی ، کوڑنگل اور 18منڈلات میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے بعد ضلع انتظامیہ چوکس ہوگیا ہے وہیں عوام میں خوف اور تشویش کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔

کل 6 اپریل کو ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی تھی کہ ریاست کے تمام اضلاع میں کوروناوائرس کی بڑھتی وباء کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ سخت اقدامات کیے جائیں۔ چیف سیکریٹری نے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی تھی کہ ملک میں دوبارہ کورونا وائرس کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اس کے پیش نظر سخت اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور روزآنہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے تعداد کو بڑھایا جائے۔

ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے ضلع کلکٹران سے خطاب کرتے ہوئے۔

چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی کہ روزآنہ ضلع کے ہر پرائمری ہیلتھ سنٹر پر کم ازکم 100 افراد،سماجی ہیلتھ سنٹرس پر 150 افراد اور سول ہسپتالوں میں 300 افراد کا کوروناٹسٹ کرتے ہوئے اسکی رپورٹ کو روزآنہ کوویڈ ایپ پر اپ لوڈ کردیا جائے اور کورونا متاثرین کی شناخت کرتے ہوئے انہیں ہوم قورنطین کیا جائے۔

چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ہدایت دی تھی کہ جن کورونا متاثرین کو مکانات میں ہوم قورنطین کی سہولت حاصل نہیں ہے انہیں سرکاری قورنطین سنٹرس منتقل کیا جائے اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔چیف سیکریٹری نے ضلع کلکٹران کو اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہدایت دی کہ جو علاقے کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں وہاں  صاف صفائی کا بہتر نظم کیا جائے۔

ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹران کو اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہدایت دی کہ حکومت کی ہدایت کے پیش نظر 45 سال مکمل کرلینے والوں کو کوویڈٹیکہ دینے کے کاموں میں تیزی اور اضلاع کو دئیے گئے کوویڈ ویکسین اندازی کے نشانہ کی تکمیل کی جائے اور اسکے لیے ہر پرائمری ہیلتھ سنٹر پر روزآنہ 125 افراد کو،سماجی ہیلتھ سنٹرس پر 250 افراد کو اورسول ہسپتالوں میں 300 افراد کو کوویڈ ویکسین دی جائے۔

چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹران کو اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہدایت دی کہ 30؍اپریل تک کسی کو بھی اجتماعات یا تقاریب و جلسوں کی اجازت نہ دی جائے اور عوام کی جانب سے ماسک کے لازمی طورپر استعمال کو یقینی بنائے جانے کے اقدامات کیے جائیں اورعوامی مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کی بھی چیف سیکریٹری نے ہدایت دی۔

ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو ضلع کے عہدیداروں کیساتھ چیف سیکریٹری کی ویڈیو کانفرنس کا مشاہدہ کرتے ہوئے۔

اس ویڈیو کانفرنس کے فوری بعد کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے ضلع کے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کیساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ضلع میں کوویڈ ویکسین اندازی کے کاموں میں سرعت پیدا کی جائے، کوویڈ تشخیص کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور کوویڈ کئیر سنٹرس میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ساتھ ہی ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اننت گیری ہلز پر موجود ٹی بی ہسپتال میں خصوصی کوویڈ وارڈ قائم کیا جائے اورہوم کیئر میڈیکل کٹس ہمہ وقت دستیاب رکھے جائیں۔

ضلع وقارآباد بالخصوص تانڈور ، پرگی اور وقارآباد میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے اور ضرورت شدید ہے کہ عوام حکومت اور طبی ماہرین کی جانب سے دئیے گئے مشوروں پر سختی کیساتھ عمل کو یقینی بنائیں، ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں، بھیڑ بھاڑ والےعوامی مقامات پر نہ جائیں، ساتھ ہی اپنے ہاتھوں پرسینی ٹائزر کا بھی استعمال کریں۔