کرناٹک سےسے اسمگل کیا جانے والا 12 لاکھ روپئے مالیتی گٹکھا ضبط
تین افراد گرفتار،بولیرو گاڑی بھی ضبط،سرکل انسپکٹر پولیس جلندھر ریڈی کا پریس کانفرنس میں انکشاف
تانڈور: 7۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)
نصف شب کے بعد پڑوسی ریاست کرناٹک سے بولیرو گاڑی میں ریاست میں ممنوعہ گٹکھا کی منتقلی کو کرنکوٹ پولیس نے ناکام بناتے ہوئے 12؍لاکھ روپئےسے زائد مالیت کا گٹکھا اور بولیرو گاڑی ضبط کرلی اس سلسلہ میں گٹکھا کی منتقلی میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔

گوتاپور پولیس اسٹیشن میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ضبط شدہ گٹکھا ، بولیرو گاڑی اور گرفتار کیے گئے تینوں ملزمین کو پیش کرتے ہوئے سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) جلندھر ریڈی نے بتایا کہ شیواجی چوک ، تانڈور کے ساکن نند کمار کی ملکیت بولیرو گاڑی TS34 TA 6003 کے ذریعہ قدیم تانڈور کے ساکن محمد عرفان ، دھنگر گلی میں موجود شیواسریش کی کرانہ شاپ کو گٹکھا سربراہ کرنے کی غرض سے کرناٹک سے بولیرو گاڑی میں مختلف اقسام کا گٹکھا لیکر آرہے تھے۔

اس سے متعلق دستیاب مصدقہ اطلاع کے بعد سب انسپکٹر پولیس کرنکوٹ ایڈو کونڈالو نے پولیس عملہ کیساتھ رات دو بجے اس گاڑی کے انتظار میں تھے کہ اسی دؤران براہ موضع ایلکمنہ اور کرنکوٹ سے گوتاپور پہنچی بولیروگاڑی کو روک کر تلاشی لی تو اس گاڑی میں 4 لاکھ ،7 ہزار 950 مختلف اقسام کے ممنوعہ گٹکھا کے پیاکٹس تھیلوں میں موجود تھے۔
سرکل انسپکٹر پولیس جلندھر ریڈی نے بتایا کہ ضبط شدہ گٹکھا کی بازاری قیمت 12 قیمت 3 ہزار 540 روپئے کے قریب ہے۔فوری ان تینوں افرادکو گٹکھا اور گاڑی سمیت تحویل میں لیکر گوتاپور پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور تفتیش پر انہوں نے بتایا کہ یہ گٹکھا محمد عرفان ،شیو ا سریش کی کرانہ شاپ کو منتقل کرنے کی غرض سے کرناٹک سے لائے تھے جسکے بعد محمد عرفان ، نند کمار اور شیوا سریش پر کیس درج رجسٹر کرکے تینوں کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔

اس کیس میں بہترین کارکردگی پر سب انسپکٹر پولیس ایڈو کونڈالو ، پولیس کانسٹیبلس پرتاپ،لکشمی کانت ریڈی اور نرسمہا ریڈی کو سرکل انسپکٹر پولیس جلندھر ریڈی نے ریوارڈ پیش کیا۔
سرکل انسپکٹر پولیس نے بتایا کہ تینوں ملزمین کیخلاف پی ڈی ایکٹ لگایا جائے گا ساتھ ہی انہوں نے انتباہ دیا کہ گٹکھا سمیت دیگر نشیلی اور ممنوعہ اشیاء کی منتقلی کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ ریاست میں گٹکھا پر پابندی کے بعد سے یہ پہلا واقعہ ہے کہ ضلع وقارآباد میں اتنی بڑی مقدار میں لاکھوں روپئے مالیتی گٹکھا ضبط کیا گیا ہے۔