آئندہ تین دنوں کے دؤران تلنگانہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی
مانسون 9 جون تک ریاست میں داخل ہوگا
حیدرآباد: 7۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
محکمہ موسمیات حیدرآباد نے پیش قیاسی کی ہے کہ آنیوالے تین دنوں کے دؤران ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں،گرج چمک اور ژالہ باری کیساتھ ہلکی اور تیز غیر مؤسمی بارش کا امکان ہے۔
شمالی کرناٹک میں سمندری علاقوں میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث تلنگانہ کے مختلف مقامات پر30تا 40کلومیٹر کی رفتار سے تیز ہواؤں کیساتھ ژالہ باری،گرج چمک اور موسلا دھاربارش ہوسکتی ہے۔
کل ریاست کے اضلاع نظام آباد، کاماریڈی ، سنگاریڈی ،عاد ل آباد،راجنا سرسلہ اور میدک کے بشمول کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہوچکی ہے اور سب سے زیادہ ضلع وقارآباد کے مومن پیٹ میں 31.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ چند مقامات پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے،بجلی گرنے سے د و افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ساتھ ہی دھان خریدی مراکز پر اس غیر مؤسمی بارش سے دھان کے ذخیرہ کو نقصان پہنچا ہے۔
ساتھ ہی محکمہ موسمیات حیدرآباد نے پیش قیاسی کی ہے کہ یکم جون کو کیرالا کو چھونے والے مانسون کے 9 جون تک ریاست تلنگانہ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے یہ پیش قیاسی بھی کی ہے کہ ملک میں جاریہ سال مانسون میں معمول کے مطابق رہے گا تاہم ریاست تلنگانہ میں سالانہ اؤسط سے زیادہ بارش ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔