وادی ھُدیٰ میں جماعت اسلامی ہند حیدرآباد کے زیر نگرانی کوویڈ آکسیجن تھیراپی سنٹر کا آغاز

ریاستی خبریں

وادی ھُدیٰ میں جماعت اسلامی ہند حیدرآباد کے زیر نگرانی کوویڈ آکسیجن تھیراپی سنٹر کا آغاز
وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی،ایم پی بیرسٹر اسدالدین اویسی اور امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمد خان کی شرکت

حیدرآباد:7۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)

شہر میں اس وقت کوروبا وبا ء کی وجہ سے حالات سنگین ہیں اور کورونامتاثرین سخت مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار ہیں۔آکسیجن کی قلت اور بروقت آکسیجن فراہم نہ ہونے کی وجہ سے کئی اموات ہو رہی ہیں۔

ایسے میں جماعت اسلامی ہند،عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میں چلائی جارہی اسلامک سوشیل سروس سوسا ئٹی نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے وادی ھُدیٰ پہاڑی شریف میں واقع جامعہ دارلہدیٰ کے وسیع و عریض کیمپس پر مجوزہ مسلم جنرل ہاسپٹل کی نو تعمیر شدہ عمارت میں پچاس بستروں پر مشتمل کورونا وائرس کے متاثرین کو ابتدائی علاج کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے آکسیجن تھراپی سنٹر کا آغاز کیا ہے۔

امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمد خان کی صدارت میں منعقدہ اس افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی اور رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہندمجلس اتحادالمسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی نے بحیثیت مہمان خصوصی اور ڈاکٹر بی ناگیندر،سپر نٹنڈٹ عثمانیہ ہسپتال،ڈاکٹر عبدالخبیر صدیقی صدر ڈیر ، ڈاکٹر طلحہ ٰفیاض الدین صدر ایس آئی او تلنگانہ، برادر حماد اعظم صدر پی ایس ایف نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ اس کوروناوباء کے دؤران عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مزید این جی اوز کو سامنے آنے کی ضرورت ہے تا کہ اس وبا ء پر جلد از جلد قابو پایا جاسکے اُنہوں نے کوویڈ آکسیجن تھراپی سنٹر کے قیام پر اس کے منتظمین کو مبارکباد دی۔
اس موقع پرسیکریٹری اسلامک سوشیل سروس سوسائٹی حافظ محمدرشادالدین نے کہا کہ اس سنٹر پرایسے مریضوں کا آکسیجن تھراپی کے ذریعہ علاج کیا جائیگا جو آکسیجن کی کمی کی وجہہ سے متاثر ہیں اُنہوں نے کہا کہ فی الحال چالیس میڈیکل اسٹاف کے ساتھ کوویڈ سنٹر کا آغاز کیا جارہاہے۔اوریہ سنٹر آئندہ تین دنوں تک آوٹ پیشنٹ کی حیثیت سے کام کرے گا اوراسکے اگلے دن سے مریضوں کو یہاں داخلہ دیا جائے گا۔جہاں بہت ہی واجبی اور کم فیس پر مریضوں کے لیے علاج کی سہولت دستیاب رہے گی۔

اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف آئسولیشن کے ضرورت مندوں اور اسکے علاوہ کوویڈسے شدیدمتاثرہ مریضوں کے علاج کی یہاں سہولت نہیں رہے گی۔سکریٹری سوسائٹی نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ یہ آکسیجن تھراپی سنٹر کوویڈ کی سنگین لہر کے موقع پر عوام الناس کو سہولت پہنچانے کی غرض سے عارضی طور پر تین ماہ کیلئے قائم کیا جارہا ہے جسے بعد ازاں مجوزہ مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھُدیٰ میں ضم کردیا جائے گا۔

رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے وادی ھُدیٰ پہاڑی شریف میں واقع جامعہ دارلہدیٰ کے وسیع و عریض کیمپس میں آکسیجن تھراپی سنٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس سنٹر سے پہاڑی شریف،جل پلی اور اطراف کے لوگوں کیلئے بہتر سہولت حاصل ہوگی۔

افتتاحی اجلاس کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ اسلامک سوشل سرویس سوسائٹی حیدرآباد ایک قدیم این جی ا وہے جو 1970 ءسے مختلف محاذوں پر فلاحی خدمات انجام دیتے آرہی ہے۔

اُنہو ں نے کہا کہ سوسائٹی کے تحت شہر میں مسلم میٹرنٹی ہاسپٹل اعظم پورہ ،تارناکہ نرسنگ ہوم مشیر آباد، ذکریٰ اسکول، الفلاح اسکول اور دینی درس گاہ جامعہ دارالہدیٰ کام کر رہے ہیں۔اورمستقبل قریب مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھُدیٰ کا بھی آغاز ہونے جارہا ہے۔اُنہوں نے اس موقع پر صاحب خیر حضرات، ڈیر کے ڈاکٹرس، پی ایس ایف کی ٹیم اور ایس آئی او کے نوجوانوں کا بھی اس کوویڈ سنٹر کے قیام میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر صدنشین میونسپل کونسل جل پلی عبداللہ احمد سعدی،محمد اظہر الدین،ڈاکٹر عاطف اسماعیل،یوسف علی خان،خالد باوزیر اور مرزااعظم علی بیگ بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے