عید الفطر کی نماز عیدگاہوں میں ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،مسلمان مساجد میں نمازِعید ادا کریں
دارالسلام سے آن لائن "جلسہ یوم القرآن” سے رکن پارلیمان و صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی کا خطاب
حیدرآباد: 8۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
صدر کل ہندمجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا ہے کہ جاریہ سال نماز عیدالفطر عیدگاہوں میں ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس لیے وہ اپنے محلہ جات کی مساجد میں نمازعیدالفطر کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں علماء کرام مسلمانوں کی رہنمائیں فرمائیں۔

جمعتہ الوداع کے موقع پر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے زیر اہتمام مجلس کے ہیڈکوارٹر دارالسلام سے آن لائن جلسہ یوم القرآن سے اپنے خطاب میں بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ اس سلسلہ میں کل ہی انہوں نے ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمودعلی سے فون پر بات کی تو انہوں نے بتایا کہ چونکہ عدالت کی ہدایت پر کورونا وائرس کے باعث عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہے اور اسی کے تحت ریاستی حکومت عیدگاہوں میں نماز عیدالفطر کی اجازت نہیں دے سکتی۔
بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ ممکن ہے اس سلسلہ حکومت احکام جاری کرے گی تو ان احکام پر عمل کرنا بحیثیت ایک ذمہ دار شہری ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
حکومت کے اس فیصلہ کو درست قرار دیتے ہوئے صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ نماز عیدالفطر کی ادائیگی کیلئے جب لاکھوں مسلمان عیدگاہوں میں جمع ہونگے تو یقیناً اس سےکورونا وائرس پھیلنے کے صد فیصد امکانات ہیں۔
بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ریاست کے علماء اکرام سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں فیصلہ کریں اور مسلمانوں کی رہنمائی کریں کہ اپنے اپنے محلہ جات کی مساجد میں سماجی فاصلہ کیساتھ اور لازمی طورپر ماسک پہن کر نماز عیدالفطر دو یا تین جماعتیں بناکر ادا کریں۔
رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی جلسہ یوم القرآن سے خطاب کرتے ہوئے۔(ویڈیو)
ساتھ ہی صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عیدکے دن ایک دوسرے سے نہ گلے ملیں نہ بغل گیر ہوں اور نہ ہی مصافحہ کریں بلکہ دور سے ہی عید کی مبارکباد دے لیں۔
صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مسلمانوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ عید کے دن ہر کسی کے گھر جاکر عید ملنے سے احتیاط کریں۔
بالخصوص عید کی مبارکباد دینے کیلئے اپنے ضعیف والدین کے قریب نہ جائیں کیونکہ ضعیف افراد ہی کورونا وائرس کی شدت برداشت نہیں کرپارہے ہیں
اور یہ وقت بہت احتیاط کرنے کا ہے اور تمام کوویڈ پروٹوکال پر لازمی طورپر عمل کریں۔
صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان عید ضرور منائیں لیکن اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ ہر چوتھے پانچویں مکان میں کوروناوائرس کے متاثرین موجود ہیں اور کئی مکانات میں کووروناوائرس کے متاثرین کا انتقال بھی ہوا ہے۔
اس موقع پر صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ایک حدیث پاک کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضوراکرم ﷺ سے ملاقات کی غرض سے ایک شخص اپنے اونٹ کو کھلا چھوڑ کر آیا تو حضوراکرمﷺ نے اس شخص سے فرمایا کہ اونٹ کو کیوں نہیں باندھا!
اس شخص نے کہا یا رسول اللہ ﷺ اللہ ہے۔
تو حضوراقدس ﷺ نے فرمایا کہ اونٹ کو باندھو پھر اللہ پر توکل رکھو۔
صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کے فیصلوں پر پورا توکل کرنا ہے،گڑگڑاکر دعائیں کرنی ہیں اور ساتھ ہی پوری احتیاطی تدابیر بھی اختیا رکرنا ہے۔
اس جلسہ یوم القرآن سے مولانا محمد انوار احمد قادری نائب شیخ التفسیر ،جامعہ نظامیہ اور جناب ابوطلحہ امجد نے بھی خطاب کیا۔

