ریلوے ملازم مئیور شیلکے نے تیز رفتار ٹرین کو آتا دیکھ کر بھی ایک لڑکے کی جان بچائی : ویڈیوہواوائرل
ممبئی :21۔اپریل(یحییٰ خان/سحرنیوزڈاٹ کام)
محاورہ مشہور ہے کہ جسے اللہ رکھے اس کون چکھے !
اس محاورہ کو ممبئی کے ایک ریلوے ملازم نے سچ کرکے دکھایا جس نے پلیٹ فارم سے پٹریوں پر اچانک گرجانے والے ایک معصوم لڑکے کو فلمی انداز میں پٹریوں پر دؤڑتے ہوئے اس وقت بچالیا جب دوسری جانب سے ایک انتہائی تیز رفتار ٹرین اسی ریلوے ٹریک کی جانب بڑھ رہی تھی۔
ایسا تو اب تک بناوٹی انداز میں فلموں میں دیکھا ہوگا لیکن یہ سچ ہے جس نے سارے فلمی ڈراموں کو مات دے کر ثابت کردیا کہ اصل ہیرو تو یہ ریلوے ملازم ہے جس نے اس بچے کا مذہب یا ذات پات تک نہیں دیکھا بلکہ اس کے سرپر جنون سوار تھا کہ بس ایک انسانی بچے کو بچانا ہے اور یہی انسانیت کی میراث ہے۔ مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس سارے واقعہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج ٹوئٹ کرتے ہوئے اس ریلوے ملازم کی ہمت اور ایک بچے کی جان بچانے پر اس کی ستائش کی۔
Very proud of Mayur Shelke, Railwayman from the Vangani Railway Station in Mumbai who has done an exceptionally courageous act, risked his own life & saved a child's life. pic.twitter.com/0lsHkt4v7M
— Piyush Goyal (मोदी का परिवार) (@PiyushGoyal) April 19, 2021
ونگانی ریلوے اسٹیشن پر پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق ایک لڑکا وزنی سامان اٹھائی ہوئی اپنی ماں کا ہاتھ تھام کر چل رہا ہے تاہم اچانک یہ لڑکا پلیٹ فارم سے نیچے ریلوے پٹریوں پر گرگیا جس کے بعد وہ اور خاتون کوشش کرتے ہیں کہ لڑکا پلیٹ فارم پر چڑھ جائے تاہم پلیٹ فارم کی اونچائی زیادہ ہونے سے ماں اور بچہ دونوں اس میں ناکام ہوجاتے ہیں۔
ادھر ریل کی پٹریوں پر کچھ فاصلہ پر موجود ریلوے پوائنٹ میان میور شیلکے یہ منظر دیکھ کر لڑکے کو بچانے انتہائی تیزرفتاری کیساتھ بچے کی جانب بڑھتا ہے تو دوسری جانب بنگلور سے ممبئی جانے والی اُدیان ایکسپریس ٹرین انتہائی تیز رفتاری کیساتھ اسی ریلوے ٹریک پر آرہی ہوتی ہے۔
اس سے واقف ریلوے پوائنٹ میان میور شیلکے ہمت نہیں ہارتا اور دؤڑ کر بچے کو اٹھالیتا ہے دونوں کے پلیٹ فارم پر پلٹی مارکر محفوظ ہوجانے کے صرف ایک سیکنڈکے اندر ہی انکے قریب سے اسی پلیٹ فارم سے ٹرین انتہائی برق رفتاری کیساتھ گزر جاتی ہے۔
ریلوے پوائنٹ میان میور شیلکے کے اس اقدام پر مشتمل سی سی ٹی وی فوٹیج ان دنوں سوشیل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوگیا ہے جس کی ہر طرف سے ستائش کی جارہی ہے کہ اس نے اپنی زندگی خطرہ میں ڈالکر ایک بچہ کی جان بچائی۔
سچ ہی تو ہے مذہب اور ذات پات کے نام پر معصوم لوگوں کی جانیں لینے والے درندوں کے اس سماج میں میوز شیلکے جیسے لوگ ہی ایک امید کی کرن ہیں جن کی نظر میں انسانی جان کی اہمیت اب بھی باقی ہے۔
ریلوے پوائنٹ میان میور شیلکے کے کی اس بہادری پر ریلوے اسٹاف نے سنٹرل ریلوے آفس میں زبردست تالیوں کی گونج میں میورشیلکے کو 50,000 روپئے کا نقد انعام دیتے ہوئے کہا کہ اس بہادر شخص پر پورے ریلوے کا فخر ہے۔اس مؤقع پر میور شیلکے نے انکشاف کیا کہ اس حادثہ کے وقت جو خاتون بچے کیساتھ تھی وہ نابینا تھی اور وہ ایسی ناگہانی واردات کے وقت اپنی طرف سے کچھ بھی کرنے سے قاصر تھی۔

بچے کو ریلوے ٹریک پر گرا ہوا اور دوسری طرف سے اسی ریلوے ٹریک پر تیز رفتار ٹرین کو آتے ہوئے دیکھا تومیرے ذہن میں کچھ بھی نہیں تھا صرف ایک بات تھی کہ اس بچے کو زندہ بچانا ہے لیکن ایک لمحہ کیلئے میرے اندر بھی خوف کی لہر دؤرگئی تھی لیکن میں اس خوف کواپنے ذہن سے جھٹک کر بچے کی طرف اپنی پوری طاقت لگاکر بھاگا اور خوش قسمتی سے بچہ اور میں دونوں بچ گئے مجھے اس وقت ایک ایسی خوشی کا احساس ہوا کہ آج میں نے ساری انسانیت کو بچالیا۔
اس واقعہ سے متعلق مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے :
ریلوے پوائنٹ میان میور شیلکے نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد اس لڑکے کے ساتھ موجود نابینا خاتون جذبات سے مغلوب ہوکر رو تے ہوئے میرا شکریہ ادا کیا۔اور اس واقعہ کے بعد مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے بھی مجھے فون کرکے میری ہمت کی داد دی ۔