ٹی آرایس نے پی وی نرسمہا راؤ کی دختر کو بنایا ایم ایل سی امیدوار

ریاستی خبریں

ٹی آرایس نے پی وی نرسمہا راؤ کی دختر کو بنایا ایم ایل سی امیدوار

حیدرآباد۔21۔فروری(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ٹی آرایس سپریمو و وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔ چندراشیکھر راؤ اپنے اچانک کیے جانے والے فیصلوں و اعلانات کے باعث ہمیشہ سب کو چونکاینے میں ماہر مانے جاتے ہیں۔

آج ایسے ہی ایک چونکادینے والا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی رنگاریڈی ،محبوب نگر اورحیدرآباد کے لیے سابق وزیر اعظم ہند آنجہانی پی وی نرسمہاراؤ کی دختر محترمہ سرابھی وانی دیوی کو ٹی آرایس امیدوار کے طورپر اعلان کیا ہے جو اپنا پرچہ نامزدگی کل بروز پیر 22 فروری کو داخل کریں گی۔

حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی رنگاریڈی ،محبوب نگر اورحیدرآباد کے لیے ٹی آرایس امیدوار سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہاراؤ کی دختر سرابھی وانی دیوی۔

اس حلقہ گرائجویٹ کیلئے ٹی آرایس پارٹی کے کئی قائدین دؤڑ میں شامل تھے جن میں موجودہ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن ناگیندرگوڑ ، وقارآباد کے تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لینے والے نوجوان شبھاپردھ پٹیل ایڈوکیٹ مضبوط دعویدار مانے جارہے تھے بعد ازاں ان میں سابق مئیرگریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن بونتو رام موہن کا نام بھی سامنے آرہا تھا۔

تاہم قرعہ فال 68سالہ سابق وزیر اعظم  آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کی دختر سرابھی وانی دیوی کے حق میں نکلا ہے جوکہ وینکٹیشورا گروپ آف انسٹیٹیوشنس کی سربراہ ہیں اور یہ ادارہ کئی پیشہ وارانہ کالجس چلاتا ہے۔کہا جاتا ہے کہ سرابھی وانی دیوی اپنے والد پی وی نرسمہا راؤ کے بحیثیت وزیراعظم بیرون ممالک دؤروں میں اکثر انکے ساتھ رہاکرتی تھیں۔

وزیر اعلیٰ کے سی آر گزشتہ سال پی وی نرسمہاراؤ کی صد سالہ پیدائش تقریب کے آغاز کے موقع پر انکے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے

ریاستی حکومت نے 28 جون 2020ء تا 28 جون 2021ء پی وی نرسمہا راؤ کی پیدائش کی صدی تقاریب کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے اسکے لیے 100 کروڑروپئے کے فنڈ کا اعلان کیا تھا اور اسکے لیے جو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس میں سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی دختر سرابھی وانی دیوی بھی ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر ، ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر اور انکے بھائی پی وی پربھاکر راؤ کیساتھ بحیثیت رکن شامل ہیں جبکہ اس صد سالہ کمیٹی کے صدر نشین رکن راجیہ سبھا و سینئر قائد کے۔ کیشوراؤہیں۔

وہیں وزیر اعلیٰ کے سی آر آنجہانی وزیر اعظم پی وی نرسمہاراؤ کیلئے مرکزی حکومت سے بھارت رتن دینے کا مطالبہ بھی کرچکے ہیں ! اب ٹی آرایس کی جانب سے آنجہانی وزیر اعظم پی وی نرسمہاراؤ کی دختر کو ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ سے امیدوار بنائے جانے پر مانا جارہا ہےکانگریس کو ریاست میں مزید کمزور کرنا مقصد ہوسکتاہے؟

کیونکہ پی وی نرسمہاراؤ کےدؤر حکومت میں1992ء میں بابری مسجد سانحہ کے بعد سے کانگریس پر انہیں بری طرح نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے اور خود پی وی نرسمہا راؤ کے افراد خاندان نے بھی کانگریس سے دوری اختیار کرلی تھی !!

حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی رنگاریڈی ، محبوب نگر اورحیدرآباد کی نشست پر ہونے والے انتخابات کی بات کی جائے تو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 11 فروری کو تلنگانہ قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) حلقہ گرائجویٹ کی دو نشستوں "محبوب نگر،رنگاریڈی ،حیدرآباد اورورنگل، کھمم ، نلگنڈہ کی نشستوں کے لیے 11 فروری کو شیڈول اور 16فروری کو اعلامیہ جاری کیا تھا۔ان دونوں حلقوں کے موجودہ ایم ایل سیز رام چندرا راؤ اورڈاکٹر راجیشور ریڈی کی معیاد 29 مارچ 2021 کو اختتام کو پہنچ رہی ہے۔

اب اس نشست کیلئے 23 فروری پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہوگی ، 24 فروری کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال ،26 فروری کو پرچہ نامزدگی کی واپسی کی آخری تاریخ اور 14 مارچ ،بروز اتوار کو اس حلقہ ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ کے لیے راہی دہی منعقد ہوگی جبکہ 17 مارچ ،بروز چہارشنبہ کو ان ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

یاد رہے کہ حلقہ گرائجویٹ رنگاریڈی ، محبوب نگر اور حیدرآباد کی اس نشست کیلئے موجودہ ایم ایل سی رام چندرا راؤ ہی بی جے پی کے امیدوار برقرار رکھے گئے ہیں جبکہ کانگریس نے سابق وزیر چِنا ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے جنہوں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے وہیں سابق پرنسپل انورالعلوم کالج حیدرآباد پروفیسر انور خان نے بحیثیت آزاد امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے ۔

 

 

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے