پنجاب کے بلدی انتخابات میں کانگریس نے کیا بی جے پی کا صفایا
پنجاب : 17۔فروری ( ایجنسیاں/سحرنیوزڈیسک )
پنجاب میں منعقدہ بلدی انتخابات میں کانگریس نے بی جے پی کا مکمل صفایا کرتے ہوئے ریاست کی سات میونسپل کارپوریشنس پر قبضہ کرلیا ہے جن میں پٹھان کوٹ ،ہوشیارپور، موگا ، کپور تھلہ،ابوہر ،بٹالہ اور بھٹنڈا میونسپل کاپوریشنس شامل ہیں۔
پنجاب کی 8 میونسپل کارپوریشنس اور 109 بلدیات اور نگر پنچایتوں کے لیے ہونے والے انتخابات کی رائے شماری جاری ہے جن میں سات میونسپل کارپوریشنس پر کانگریس نے شاندار جیت درج کرواتے ہوئے بی جے پی کو چاروں خانے چت کردیا ہے۔
بھٹنڈا میونسپل کارپوریشن 52 سال بعد کانگریس کے قبضہ میں آئی ہے۔لوک سبھا میں بھٹنڈا لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی شرومنی اکالی دل کی ہرسمرت بادل کرتی ہیں جنہوں نے پنجاب میں مرکزی حکومت کی جانب سے لائے گئے تین زرعی قوانین کے خلاف کسانوں نے احتجاج کے آغاز کے بعدمرکز میں بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت سے علحدہ ہوگئی تھیں وہیں موہالی میونسپل کارپوریشن کے نتائج کا اعلان کل جمعرات کو کیا جانے والا ہے
۔14 فروری کو زرعی قوانین کے خلاف جاری کسانوں کے احتجاج کے دوران پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے رائے دہی ہوئی تھی جس میں 71.39 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی۔ جبکہ کل منگل کو کئی پولنگ بوتھس پر دوبارہ رائے دہی منعقد کی گئی تھی جن کے نتائج بھی آج جاری کیے جائیں گے۔
بلدی حلقوں کی جملہ تعداد 2,215 ہے ۔ پنجاب کی ان 8 میونسپل کارپوریشنس اور 109 بلدیات کے انتخابات میں جملہ 9,222 امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا جن میں ریکارڈ تعداد میں 2,831 آزاد امیدواربھی شامل ہیں۔
ان انتخابات میں بی جے پی نے تنہا مقابلہ کرتے ہوئے 1,003 امیدوار ہی مقابلہ میں اتارے تھے۔جبکہ شرومنی اکالی دل نے بھی بی جے پی سے مفاہمت کے بغیر اپنے 1,569 امیدوار میدان میں کھڑے کیے تھے۔
ان بلدی انتخابات کی رائے شماری ہنوز جاری ہے اور شام تک مکمل نتائج کے جاری ہونے کا امکان ہے