راجہ سنگھ کابیف کھانے والوں پراہانت آمیز ریمارک، عثمانیہ یونیورسٹی پولیس میں شکایت ،کارروائی کا مطالبہ

ریاستی خبریں
راجہ سنگھ کابیف کھانے والوں پراہانت آمیز ریمارک،عثمانیہ یونیورسٹی پولیس میں شکایت، کارروائی کا مطالبہ

حیدرآباد/وقارآباد ۔28۔فروری۔(سحر نیوز ڈاٹ کام )
بی جے پی رکن اسمبلی حلقہ گوشہ محل حیدرآباد راجہ سنگھ ہمیشہ متنازعہ بیانات اور مخصوص طبقہ کے خلاف نفرت انگیز بیانات کے ذریعہ سرخیوں میں رہتے ہیں۔ ایسے میں 26 فروری کو ضلع رنگاریڈی کے آمنگل میں بی جے پی کی ایک ریالی سے اپنے خطاب میں راجہ سنگھ کی جانب سے بیف کھانے والوں کے خلاف انتہائی غیر شائستہ، نازیبا ریمارک کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیف کھانے والوں کے پاس سے رام مندر کی تعمیر کے لیے ایک روپیہ تک نہ لیا جائے۔

راجہ سنگھ اپنے خطاب میں اہانت آمیز الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے

جس کے خلاف بالخصوص دلت طبقات میں غصہ کی لہر دوڑگئی ہے۔طلباء تنظیم آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن(اے آئی ایس ایف) عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد اور دیگر تنظیموں کی جانب سے کل ہی بطور احتجاج رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا پُتلا نذرآتش کیا گیا۔

عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کی طلباء تنظیموں کے نمائندے
عثمانیہ یونیورسٹی کی طلباء تنظیموں کے نمائندے یونیورسٹ کے احاطہ میں راجہ سنگھ کا پُتلا نذرآتش کرتے ہوئے۔

وہیں آج آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن ،عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ ایک تحریری شکایت درج کروائی گئی ہے۔

عثمانیہ یونیورسٹی طلباء تنظیموں کے نمائندے پولیس میں درج کروائی گئی شکایت کے ساتھ

جس میں بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے بیف کھانے والوں کے خلاف استعمال کیے گئے نازیبا الفاظ کی شکایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

طلباء تنظیموں کی جانب سے پولیس میں درج کروائی گئی شکایت۔

اس شکایت میں کہا گیا ہے اس ملک کی 70 فیصد آبادی گوشت خور ہے اور اپنے دستوری حقو ق کے تحت اپنی پسند کی غذاء کا استعمال کرنے کا ہر کسی کو حق حاصل ہے ایسے میں بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے بیف کھانے والوں کیخلاف اہانت آمیز الفاظ کا استعمال عوام کے جذبات کو مجروح کرنا ہے اور ایسے بیانات کے ذریعہ مذہبی منافرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے شکایت کی موصولی کے بعد جاری کی گئی رسید۔

اس شکایت میں پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے بی جے پی رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ کیخلاف اٹرا سٹی کے تحت کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے ۔اس سلسلہ میں عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے HYD/OU/280221/00280 کے تحت شکایت حاصل کرلی ہے۔
شکایت درج کروانے والوں میں عثمانیہ یونیورسٹی کے اے آئی ایس ایف، پی ڈی ایس یواور دیگر طلباء تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔

طلباء تنظیم اے آئی ایس ایف کے جوائنٹ سیکریٹری ہریش آزاد اپنے ویڈیو بیان میں۔

ہریش آزاد جوائنٹ سیکریٹری اے آئی ایس ایف عثمانیہ یونیورسٹی نے بات کرتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے بیان کو اہانت آمیز قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی رکن اسمبلی نے ملک میں بیف کھانے والوں کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ دستور کے تحت حلف لینے والے راجہ سنگھ دستور ی حقوق کی توہین کررہے ہیں ۔

ہریش آزاد جوائنٹ سیکریٹری اے آئی ایس ایف عثمانیہ یونیورسٹی نے راجہ سنگھ سے سوال کیا کہ کیا بیف کے کاروباریوں سے بی جے پی کروڑہا روپئے کے فنڈس حاصل نہیں کررہی ہے؟ انہوں نےراجہ سنگھ سے استفسار کیا کہ مختلف ممالک کو بیف ایکسپورٹ کرنے والی کمپنیوں پر کیوں مرکزی حکومت پابندی عائد نہیں کررہی ہے ؟جبکہ مرکز میں بی جے پی کی ہی حکومت ہے!

ہریش آزاد جوائنٹ سیکریٹری اے آئی ایس ایف عثمانیہ یونیورسٹی نے الزام عائد کیا محض سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی غرض سے رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ ایسے بیانات کے ذریعہ ملک میں مذہبی منافرت پھیلارہے ہیں۔

انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی کی طلباء تنظیموں کی جانب سے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ نفرت انگیز بیان دینے والے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری گرفتار کیا جائے اور قانون کے تحت سزاء کو یقینی بنایا جائے۔

ضلع وقارآباد مستقر کے این ٹی آر چوک پر کے وی پی ایس تنظیم کی جانب سے راجہ سنگھ کا پُتلا نذرآتش

دوسری جانب بیف کھانے والوں کیخلاف رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے نفرت اور اہانت انگیز بیان کے خلاف آج وقارآباد کے این ٹی آر چوک پر کے وی پی ایس کی جانب سے راجہ سنگھ کا پُتلا نذرآتش کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیاگیا کہ اپنے بیان کے ذریعہ سماج میں نفرت پھیلانے والے راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کی جائے۔