رنگاریڈی ضلع :مہیشورم پولیس اسٹیشن کا کانسٹیبل اے سی بی کے جال میں، 25ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا گیا

جرائم و حادثات ریاستی خبریں

رنگاریڈی ضلع: مہیشورم پولیس اسٹیشن کا کانسٹیبل اے سی بی کے جال میں
25 ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا گیا

رنگاریڈی :21۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

محکمہ اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کے عہدیداروں کی ٹیم نے آج شام دیر گئے مہیشورم پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک پولیس کانسٹیبل کو ایک شخص سے بطور رشوت 25,000 روپئے کی نقد رقم طلب اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) سوریہ نارائنا کی قیادت میں عہدیداروں کی ٹیم نے مہیشورم پولیس اسٹیشن میں منظم کیے گئے دھاوے میں ایک شخص کے پاس سے بطور رشوت 25,000 روپئے کی رقم طلب اور قبول کرتے ہوئے مہیشورم پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس کانسٹیبل یادیا کو جال بچھاکر دبوچ لیا۔

اے سی بی عہدیداروں کے مطابق پولیس کانسٹیبل یادیا نے ایک معاملہ میں ایک شخص سے یہ کہتے ہوئے 25,000 روپئے کی رشوت طلب کی تھی کہ اس میں سے 20,000 روپئے سب انسپکٹر پولیس کے ہوں گے اور 5,000 روپئے کی رشوت اس کی ہوگی!

جس کے بعد تین دن قبل متاثرہ شخص محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) سے رجوع ہوتے ہوئے اس کی شکایت درج کروائی تھی۔

اور منصوبہ کے مطابق آج شام پولیس کانسٹیبل یادیا مہیشورم پولیس اسٹیشن میںبطور رشوت طلب کیے گئے 25,000 روپئے کی نقد رقم حاصل کررہا تھا کہ اے سی بی کے عہدیداروں نے عین وقت پر اسے دبوچ لیا اور اس کے قبضہ سے 25,000 روپئے برآمد کرتے ہوئے بعد ابتدائی کارروائی رقم کے ساتھ کانسٹیبل یادیا کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

رشوت لیتے ہوئے اے سی بی کے ذریعہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا پولیس کانسٹیبل یادیا۔ (ویڈیو)

دوسری جانب اے سی بی عہدیدار سب انسپکٹر پولیس مہیشورم سے بھی اس معاملہ میں پوچھ تاچھ کررہے ہیں جن کے نام پر رشوت لیتے ہوئے پکڑے گئے پولیس کانسٹیبل یادیا نے 20,000 روپئے متاثرہ شخص سے حاصل کیے ہیں۔

یاد رہے کہ اندرون دو ہفتہ ضلع رنگاریڈی میں اے سی بی کے ہاتھوں رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والا یہ تیسرا معاملہ ہے۔ تاہم رشوت خور ملازمین اپنی روِش تبدیل کرنے تیار نہیں ہیں! 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے