تانڈور میں ماسک نہ پہننے پر ترکاری کی دُکان کےمالک پرایک ہزارروپئے کا جرمانہ
تانڈور۔11۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)
آج تانڈور میں ونائیکا ویجیٹبل شاپ ،روبرو بس اسٹانڈ کے مالک کو پولیس اور بلدیہ کی مشترکہ کارروائی کے دؤران بناء ماسک پہنے کاروبار انجام دے رہے مالک پر ایک ہزار روپئے نقد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔اس موقع پرسب انسپکٹر پولیس تانڈور گیری کے علاوہ بلدی عہدیدارن بھی موجود تھے۔
اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) روی کمار نے انتباہ دیا ہے کہ تانڈور میں بناء ماسک لگائے گھومنے والوں اور بناء ماسک پہنے کاروبار کرنے والوں پر اسی طرح جرمانے عائد کیے جائیں گےاور ان جرمانوں کے دؤران کسی کی بھی سفارش کو نظرانداز کردیا جائے گا کیونکہ اس سلسلہ میں حکومت نے خود جی او جاری کرتے ہوئے ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت جاری ہے۔
اب جبکہ ریاست کیساتھ ساتھ ضلع وقارآباد اور تانڈور میں دن بہ دن کوروناوائرس متاثرین کی تعداد میں تشویشناک اضافہ کا سلسلہ جاری ہے ایسے میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) روی کمار کی قیادت میں محکمہ پولیس کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتہ سے یہاں کے مختلف مقامات پر عوام میں شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔
اس سلسلہ میں کل شام ہی شیواجی چوک، بسونہ کٹہ علاقہ میں موجود مٹن اور چکن اور ترکاری شاپ کے علاوہ کرانہ اور دیگر بیوپاریوں سے سرکل انسپکٹر روی کمار نے ملاقات کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ وہ ہمیشہ ماسک پہن کر رہیں ،صاف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور ساتھ ہی سماجی فاصلہ قائم رکھنے پر دھیان دیا جائے جو کہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے لازمی ہے۔ساتھ ہی سرکل انسپکٹر نے انتباہ دیا تھا کہ ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے۔لیکن زیادہ بیوپاری اس پر عمل نہیں کررہے ہیں۔