تانڈور ریلوے اسٹیشن کا امرت بھارت کے تحت انتخاب، وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں 6 اگست کو کاموں کا ورچول افتتاح، تلنگانہ کے 39 اسٹیشن شامل

ریاستی خبریں ضلعی خبریں قومی خبریں

تانڈور ریلوے اسٹیشن کا امرت بھارت کے تحت انتخاب، تزئین نو کے لیے 24 کروڑ منظور
وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں 6 اگست کو تعمیر و تزئین کے کاموں کا ورچول افتتاح
تلنگانہ کے جملہ 39 اسٹیشن شامل، پہلے مرحلہ میں 21 اسٹیشنوں کے لیے 894 کروڑ کی منظوری

وقارآباد/تانڈور: 04۔اگست
(سحرنیوزڈاٹ کام/نمائندہ)

ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین، ترقی اور تعمیری کاموں کے لیے مرکزی حکومت نے” امرت بھارت اسٹیشن ” پروگرام کےتحت ریاست تلنگانہ کے 39 ریلوے اسٹیشنوں کا انتخاب کیاہے۔جن میں وقار آباد ضلع مستقر کا ریلوے جنکشن اور تانڈور کا ریلوے اسٹیشن بھی شامل ہے۔ان ترقی، تعمیری و تزئین کے کاموں کا وزیر اعظم نریندر مودی 6 اگست کو ورچول افتتاح انجام دیں گے۔

تانڈور ریلوے اسٹیشن کی تزئین و ترقی کے تعمیری کاموں کی انجام دہی کے لیے مرکزی حکومت نے 24 کروڑ 40 لاکھ روپئے منظورکئے ہیں۔اس رقم سے تانڈور ریلوے اسٹیشن کا رنگ و روغن،صاف صفائی کے لیے عصری انتظامات،مسافرین کے لیے تمام عصری سہولتوں کا حامل ویٹنگ ہال، وائی فائی Wi-fi# کی سہولت،ٹرینوں کی آمدورفت کے مواقع پر اعلان کےلیےاستعمال ہونے والا عصری پبلک اڈریس سسٹم، ایگزیکٹیو لاڈج اور ریلوے اسٹیشن کے احاطہ میں پارک کی تعمیر کے علاوہ دیگر کام انجام دئیے جائیں گے۔

یاد رہےکہ تانڈور ریلوے اسٹیشن حیدرآباد۔ممبئی روٹ پر واقع ہے۔جہاں سے ممبئی، پونہ، بنگلورو، راج کوٹ، ہبلی، تروپتی، پور بندر، وشاکھاپٹنم، اڈیشہ،بیدرکے علاوہ دور دراز جانے والی کئی ٹرینوں کا گزر ہوتا ہے جن میں سے زیادہ تر ٹرینوں کا تانڈور ریلوے اسٹیشن پر توقف ہوتا ہے۔

ساتھ ہی کرناٹک کی سرحد پر موجود تانڈور سے 100 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود حیدرآباد تک اور حیدرآباد سے واپس تانڈور کےدوران بالخصوص صبح اور شام کے اوقات ہزاروں مسافرمختلف ٹرینوں سےسفر کرتے ہیں،جن میں سرکاری و خانگی ملازمین،بیوپاری اورطلبہ بھی شامل ہیں۔اسی طرح تانڈور کے پڑوسی ضلع محبوب نگر اور کرناٹک کے مختلف مقامات کے مسافر اور مزدور پیشہ افراد تانڈور ریلوے اسٹیشن سے دور دراز مقامات کا سفر کرتے ہیں۔وہیں تانڈور میں موجود پانچ سمنٹ فیکٹریز سے بھی روزآنہ کئی مال گاڑیوں کےذریعہ ملک کےمختلف مقامات تک سمنٹ منتقل کی جاتی ہے۔

چند سال قبل مرکزی وزیر و سابق رکن پارلیمان چیوڑلہ آنجہانی جئے پال ریڈی کےدؤر میں تانڈور ریلوے اسٹیشن کو زائداز چار کروڑ روپیوں کے صرفہ سے آدرش ریلوے اسٹیشن میں تبدیل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب دستیاب اطلاعات کےمطابق ساؤتھ سنٹرل ریلوے SCR#کےحدود میں موجودجملہ 106 ریلوے اسٹیشنوں کاامرت بھارت اسٹیشن پروگرام کے تحت تزئین و ترقی کے لیے انتخابات عمل میں لایا گیا ہے۔جن میں تلنگانہ کے 39 ریلوے اسٹیشن شامل ہیں۔اور  پہلے مرحلہ کے تحت 21 یلوے اسٹیشنوں کی 894 کروڑ روپیوں کے مصارف سے تزئین و ترقی کے کاموں کا 6 اگست کو وزیراعظم نریندر مودی ورچول افتتاح انجام دیں گے۔

ریاست تلنگانہ کے ان 39 ریلوے اسٹیشنوں میں حیدر آباد، سکندر آباد، کاچی گوڑہ، بیگم پیٹ، ملک پیٹ، یاقوت پورہ، اپو گوڑہ، ہائی ٹیک سٹی، حفیظ پیٹ، میڑچل، ملکاجگیری،لنگم پلی، عمدہ نگر،عادل آباد، باسر، نظام آباد،وقارآباد، تانڈور،ورنگل،قاضی پیٹ،ظہیرآباد،محبوب نگر،شاد نگر، جڑچرلہ،

کریم نگر، گدوال جوگو لامبا، کریم نگر،بھدراچلم روڈ،جنگاؤں، کاماریڈی،محبوب آباد،یادادری بھونگیر،کھمم،مریال گوڑہ،نلگنڈہ، منچریال،پیدا پلی،راما گنڈم اور مدھیرا شامل ہیں۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگاکہ چند ماہ قبل ہی وزیراعظم نریندر مودی سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی تزئین کےلیے سنگ بنیاد رکھ چکےہیں جس کے کاموں پر 715 کروڑ روپئے صرف کیے جارہے ہیں ساتھ ہی چیئرلا پلی ریلوے اسٹیشن کی 221 کروڑ روپئے کے مصارف سے تزئین نو جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں "

حیدرآباد ایئرپورٹ پر 82.42 لاکھ روپئے مالیتی سونا ضبط، دوحہ اور بنکاک سے پہنچے تھے دونوں مسافر

حیدرآباد ایئرپورٹ پر 82.42 لاکھ روپئے مالیتی سونا ضبط، دوحہ اور بنکاک سے پہنچے تھے دونوں مسافر

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے