پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر ہوا اضافہ

ریاستی خبریں قومی خبریں

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر ہوا اضافہ  

نئی دہلی : 27۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام)
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تین دن کی راحت کے بعد آج پھر اضافہ کیا گیا ہے جس سے اچھے دنوں کی امید میں مہنگائی کی چکی میں پس رہے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔

یاد رہے کل ہی پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں مزید 25 روپئے کا اضافہ کیا گیاتھا اس طرح جاریہ ماہ فروری میں پکوان گیس کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے اس طرح ماہ فروری میں ہی پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں جملہ 100 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے ہر گھر کے بجٹ پر اثر پڑنا لازمی ہے۔

آج ملک کی راجدھانی دہلی میں پٹرول کی قیمت میں فی لیتر 24 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 15 پیسے فی لیتر کا اضافہ ہوا ہے۔ قیمتوں میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے دہلی میں پٹرول کی فی لیتر قیمت 91 روپے سے تجاوز کرگئی ہے ، جبکہ ممبئی میں پٹرول کی فی لیتر قیمت 97.47 ہوگئی ہے۔

وہیں حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت 25 پیسے کے اضافہ کیساتھ آج 94.79 روپئے رہی اور ڈیزل کی قیمت 17 پیسے کے اضافہ کیساتھ 88.86 روپئے فی لیتر ہوگئی۔ اسی طرح ٹاملناڈو کے چنئی میں آج 22 پیسے کے اضافہ کیساتھ پٹرول کی قیمت فی لیتر 93.13 روپئے اور ڈیزل کی قیمت 86.44 روپئے فی لیتر رہی۔

پٹرولیم کمپنیوں کے بموجب بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے وہیں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے بھاری ٹیکس بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کی اہم وجہ ہیں۔

قابل غور بات یہ ہے کہ صرف ہندوستان میں ہی پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی وجوہات سے حکومت عوام کو واقف کروانے تیار نہیں ہے جبکہ پڑوسی ممالک سے ایسی کوئی اطلاعات بھی نہیں ہیں کہ وہاں بھی ان کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے!!

تعجب خیز اطلاع یہ ہے کہ پڑوسی ملک نیپال میں پٹرول کی قیمت فی لیتر 111.20 روپئے نیپالی کرنسی ہے جس کی قیمت ہندوستانی کرنسی میں 69.50 روپئےہوتی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 94.20 روپئے ہے یعنی ہندوستانی کرنسی میں اس کی قیمت 58.88 روپئے ہوتی ہے۔

میڈیا اطلاعات میں بتایا جارہا ہے نیپال میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باعث وہ ہندوستان میں اسمگلنگ کیا جارہا ہے اور نیپال سے لگے ہوئے ہندوستانی علاقوں کے عوام نیپال سے پٹرول اور ڈیزل کی خریدی کو ترجیح دے رہے ہیں!!

پٹرولیم کمپنیوں کا کہنا ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی اور طلب میں اضافہ کی وجہ سے ہی ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔

معاشی ماہرین نے امکان جتایا ہے کہ ملک میں پکوان گیس، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید چھلانگ لگاسکتی ہیں اور اس بوجھ کو مزید برداشت کرنے کے لیے عوام کو ذہنی طور پر تیار رہنا ہوگا!!