سکندرآباد ریلوےاسٹیشن میں 31 منٹ کار پارکنگ کی فیس 500 روپئے وصول کی جارہی ہے
ریاستی وزیر کے ٹی آر نے فیس کی رسید شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا "واقعی ظالمانہ”
حیدرآباد: 10۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ اور اس کے دارالحکومت حیدرآباد کو ہر چیز میں سستی ریاست اور سستا شہر مانا جاتا ہے۔جس کے متعلق مشہور ہے کہ یہاں پانچ تا دس روپئے میں بھی کسی شخص کو پیٹ بھر کھانا مل جاتا ہے!
لیکن کیا آپ یقین کریں گے کہ اسی ریاست کے اسی شہر کے ریلوے اسٹیشن میں صرف 31 منٹ کار پارک کرنے پرمکمل 500 روپئے پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے؟ جی ہاں یہ سچ ہے۔
ٹوئٹر پر آرمی بریگیڈر(ریٹائرڈ) مسٹر اے کے جئے رتھ نے 9 نومبر کو سکندرآباد ریلوےاسٹیشن کی ایک پارکنگ فیس کی رسید پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” خانگیانے کا اثر نظرآنے لگا ہے،ریلوےاسٹیشن پر گاڑی کو 31 منٹ پارک کرنے پر اب 500 روپئے پارکنگ چارج ہوتے ہیں۔کس کا وکاس؟ "
سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں 4 نومبر کو جاری کردہ اس پارکنگ رسید میں باقاعدہ مکمل تفصیلات کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ پارکنگ چارجس 423.73 روپئے،38.14 روپئے ایس جی ایس ٹی (9 فیصد)،38.14 روپئے سی جی ایس ٹی(9 فیصد)اس طرح سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ایک کار کو 31 منٹ پارک کیے جانے پر پارکنگ فیس 500 روپئے وصول کی جارہی ہے۔

ریٹائرڈ آرمی آفیسر بریگیڈر(ریٹائرڈ)اے کے جئے رتھ کے اس ٹوئٹ کو ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم نسق کے۔تارک راما راؤ(کے ٹی آر) نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اس ری ٹوئٹ میں وزیر ریلوے اشونی ویشنو کو ٹیاگ کیا ہے اور ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اپنے اس ری ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ”واقعی ظالمانہ!” وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے انہوں نے درخواست ہے کہ وہ عہدیداروں کو ہدایت دیں کہ وہ شہریوں کے ساتھ لوٹ مار کرنے والوں کو ہٹائیں،جیسا کہ بریگیڈر (ریٹائرڈ) اے کے جئے رتھ نے اشارہ کیا ہے”۔
ریاستی وزیر آئی ٹی کے۔تارک راماراؤ کے اس ری ٹوئٹ پر سینئر ڈویثرنل کمرشیل آفیسر،ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے کمنٹ کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ”اصل پارکنگ چارجس ہر دو گھنٹے کے لیے 50 روپے ہیں چارجس کی نشاندہی کرنے والے بورڈس آویزاں کیے گئے ہیں۔
"یہ اسٹیشن کے احاطے میں غیر ضروری ہجوم سے بچنے اور ریل مسافروں کو بغیر کسی پریشانی کے نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔معلومات کے لیے جناب "۔
ساتھ ہی سینئر ڈویثرنل کمرشیل آفیسر،ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پارکنگ چارجس کا بورڈ پوسٹ کیا ہے۔

جس پر لکھا ہوا ہے کہ ٹرینوں سے آنے اور جانے والے مسافرین کو لینے اور چھوڑنے کے لیے 8 منٹ کے وقفہ کے لیے کوئی چارجس نہیں،8 تا پندرہ منٹ کے لیے 100 روپئے،15 تا 30 منٹ کے لیے 200 روپئے،30 منٹ کے بعد 500 روپئے!!اس بورڈ پر لکھا ہوا ہے کہ اپنی کاریں پارکنگ میں پارک کریں جہاں دو گھنٹوں کے لیے 50 روپئے پارکنگ فیس ہے۔

