بنگلورو میں غیر قانونی طور پرمقیم پاکستانی خاتون گرفتار، گیم ایپ پر اتر پردیش کے ملائم سنگھ سے دوستی اور پیار، نیپا ل میں شادی

بین الاقوامی خبریں قومی خبریں

بنگلورو میں غیر قانونی طور پرمقیم پاکستانی خاتون گرفتار
گیم ایپ پر اتر پردیش کے ملائم سنگھ سے دوستی اور پیار
پانچ ماہ قبل نیپال میں شادی،سرحد عبور کرکے ہندوستان میں داخل

بنگلورو: 24۔جنوری
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

بنگلورو پولیس نے ایک 19 سالہ پاکستانی خاتون کو مبینہ طور پر اپنی جعلی شناخت اور شہر میں غیر قانونی طور پرمقیم رہنے کے الزام میں گرفتار کرلیاہے۔پولیس کے مطابق اس خاتون کی اقرا جیوانی کے طور پرشناخت کی گئی ہے اور یہ خاتون گزشتہ سال ہندوستان-نیپال سرحد کے ذریعہ ہندوستان میں داخل ہوئی تھی۔اس خاتون نے بنگلوروں پولیس کو بتایا کہ اس کی شادی اتر پردیش کے ساکن 25 سالہ ملائم سنگھ یادو سے ہوئی ہے۔جس سے اس کی ملاقات ایک گیمنگ ایپ کے ذریعہ ہوئی تھی۔

بنگلوروپولیس کے مطابق انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ بیلندور پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک پاکستانی خاتون اترپردیش کے ایک شخص ملائم سنگھ یادو کے ساتھ رہ رہی ہے۔معلوم ہواہے کہ ان دونوں کی شادی 5 ماہ قبل ہوئی تھی۔وہ آن لائن گیم لوڈوکھیلتے ہوئے ایک دوسرے سے ملے تھے۔

خبررساں ادارہ اے این آئی کو ڈ ی سی پی،وائٹ فیلڈ ڈویژن نے بتایا کہ ملائم سنگھ یادو نے نیپال کے راستے ہندوستان پہنچنے میں اس خاتون کی مدد کی۔جوڑے سے پوچھ تاچھ کی گئی اور خاتون کو غیر ملکی رجسٹریشن آفس کے حوالے کر دیا گیا اور اسے واپس پاکستان بھیج دیا جائے گا۔ جبکہ ملائم سنگھ یادو کےخلاف مقدمہ درج کرتےہوئے اسے عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیاہے۔اور اس معاملہ کی مزیدتحقیقات کی جارہی ہیں۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق ان دونوں کی پہچان گیم ایپ پر ہوئی جو پیار میں بدل گئی ان دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔اقرا جیوانی کسی طرح پاکستان سے فرار ہوکر نیپال پہنچی۔پولیس ذرائع کےمطابق ان دونوں نےپانچ ماہ قبل نیپال میں شادی کرلی۔اس کےبعد یہ جوڑا ہند-نیپال سرحد عبور کرکے ہندوستان میں داخل ہوا،اور دونوں نے چند دنوں تک بہار کے بیر گنج، پٹنہ میں قیام کیا۔

بعدازاں ملائم سنگھ یادو اقرا جیوانی کو بنگلورو لے آیا،جہاں وہ سیکورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا ہے اور یہ جوڑا بنگلورو کے جنا سندرا علاقہ میں ایک مکان کرایہ پر لے کر رہنے لگا۔یہاں تک کہ ملائم سنگھ نے اقرا جیوانی کا نام بدل کر روا یادو رکھ کر اس کو اپنی بیوی کےطور پر پیش کرتے ہوئے اقرا جیوانی کا ایک آدھار کارڈ بھی بنوا لیا اور بعد میں اس نے ہندوستانی پاسپورٹ کے لیے بھی درخواست داخل کی۔

اس کی شناخت اس وقت سامنے آئی جب مرکزی انٹلی جنس بیورونے اقرا جیوانی کااس وقت سراغ لگایا جب وہ پاکستان میں مقیم اپنے افراد خاندان سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہی تھی اور کرناٹک انٹلی جنس کو اس سلسلہ میں الرٹ کیا۔اس اطلاع کی بنیاد پر بنگلوروسٹی پولیس نے اس جوڑے کےمتعلق تفصیلات حاصل کیں،ان کے گھر پر دھاوہ منظم کیا۔پولیس نے بتایا کہ ان سے پوچھ تاچھ کی گئی اور انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس معاملہ میں بنگلورو پولیس نے غیر ملکی قانون کی متعلقہ دفعات اور تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔پولیس نے بتایا کہ گووندا ریڈی کے خلاف بھی جو کہ اس مکان کا مالک ہے جس میں یہ جوڑا قیام پذیر تھا،غیر ملکی قانون کی متعلقہ دفعات کےتحت اپنی عمارت میں غیر قانونی طور پر رہنے والی اس غیر ملکی خاتون کےمتعلق پولیس کو اطلاع نہ دینے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پاکستانی خاتون اقرا جیوانی کو بعد ازاں ایف آر آر او (فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس)کےعہدیداروں کےحوالے کر دیا گیا،جنہوں نے اسےاسٹیٹ ہوم فار ویمن بھیج دیا اور اس کیس کی مزید تفتیش میں مصروف ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے