صدر نشین بلدیہ تانڈور پر ایم ایل سی انتخابات کے دؤران بوگس ووٹ ڈالنے کا الزام
الیکشن کمیشن،ضلع کلکٹر سے شکایت،اپوزیشن جماعتوں کا دفتر بلدیہ پر احتجاج،صدر بلدیہ کو عہدہ سے معطل کرنے کا مطالبہ
تانڈور۔20 مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد،محبوب نگررنگاریڈی کی رائے دہی 14؍مارچ کو منعقدہ ہوئی تھی جس کے دؤران صد رنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کی جانب سے ووٹ ڈالے جانے کے چند گھنٹوں بعد اپوزیشن جماعتوں کانگریس ،سی پی آئی اور ٹی جے ایس کے ارکان بلدیہ کی جانب سے صدر نشین بلدیہ پر اپنی رشتہ دار خاتون کے نام کا ووٹ اپنے نام سے ڈالنے کاالزام عائدکیا گیا تھا۔
جس کے بعد گزشتہ چار دن سے یہاں سیاسی حالات ،بیانات ، الزامات اور احتجاج کا سلسلہ عروج پر ہے گزشتہ چار دن کے دؤران ٹی جے ایس فلورلیڈر بلدیہ سوماشیکھر، سی پی آئی فلورلیڈر بلدیہ محمد آصف، صدر ٹاؤن کانگریس و رکن بلدیہ پربھاکر گوڑ ،کانگریسی رکن بلدیہ سرینواس ریڈی کی جانب سے کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو اور کل ریاستی الیکشن کمیشن سے شکایت بھی کی گئی کہ صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے بوگس ووٹ استعمال کیا ہے انکے خلاف کارروائی کی جائے جس کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن اور ضلع کلکٹر کی جانب سے اس سارے معاملہ کی تحقیقات کے احکام جاری کیے جانے کی اطلاعات ہیں!۔

اسی دؤران کل مذکورہ بالا اپوزیشن جماعتوں کے فلورلیڈران اور ارکان بلدیہ نے دفتر بلدیہ تانڈور کے باب الداخلہ پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایم ایل سی انتخابات میں بوگس ووٹ استعمال کرنے پر صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کو فوری عہدہ سے برطرف کیا جائے۔ اس احتجاجی دھرنے کی بی جے پی کی خاتون ارکان بلدیہ انتارام للیتا ، بنٹارم لاونیا اور کانگریسی رکن بلدیہ مدھو بالا نے بھی تائید کی۔
اس مؤقع پر ٹی جے ایس فلورلیڈر بلدیہ سوماشیکھر،سی پی آئی فلورلیڈر محمد آصف، کانگریس کے ارکان بلدیہ پربھاکر گوڑ اور سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی ڈاکٹر پی۔ مہندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی تائید اور حمایت سے ہی صدر نشین بلدیہ سواپنا پریمل نے بوگس ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے عہدہ کا غلط استعمال کیا ہے۔
ٹی جے ایس فلورلیڈر بلدیہ سوماشیکھر،سی پی آئی فلورلیڈر محمد آصف، کانگریس کے ارکان بلدیہ پربھاکر گوڑ اور سرینواس ریڈی نے کہا کہ صدر نشین بلدیہ نے اپنے سسرالی خاندان کی ایک اور بہو کے ووٹ کا استعمال کیا ہے اور اس کی تصدیق ضلع کلکٹر وقارآباد اور آرڈی او تانڈور نے بھی کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کو ان کے عہدہ سے برطرف کیا جائے جنہوں نے اپنے عہدہ کو داغدار کیا ہے۔بعد ازاں انہوں نے آرڈی اوتانڈور اشوک کمار اور سرکل انسپکٹر پولیس روی کمارکو ایک شکایت حوالے کرتے ہوئے صدر نشین بلدیہ تانڈور سواپنا پریمل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
میں نے کوئی بوگس ووٹ نہیں ڈالا ہے،اپوزیشن کے الزامات مسترد : صدر نشین بلدیہ سواپنا پریمل کا بیان

دوسری جانب کل شام اپنی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان بلدیہ کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی بوگس ووٹ نہیں ڈالا ہے اور انہیں ایسا کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔
صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے۔(ویڈیو)
صدرنشین بلدیہ نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات میں ووٹ دینے کے لیے انہوں نے مینول درخواست دی تھی اور یہی وجہ تھی کہ رائے دہی کے دن وہ باقاعدہ مرکز رائے دہی پہنچی تھیں اور ووٹ ڈالنے سے قبل انہوں نے انتخابی عہدیدار سے دریافت بھی کیا تھا کہ فہرست میں ان کا نام موجود ہے یا نہیں ؟جس پر عہدیداروں نے بتایا کہ فہرست رائے دہندگان میں تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کا نام موجود ہے جس کے بعد انہوں نے ووٹ ڈالا تھا۔
اپوزیشن کانگریس ، سی پی آئی اور ٹی جے ایس کے ارکان بلدیہ کی جانب سے چور ووٹ کے استعمال کے الزام پر برہم صدر نشین بلدیہ سواپنا پریمل نے کہا کہ وہ تمام ثبوت وشواہد پیش کرنے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اپنی زبان کو قابو میں رکھ کر الزامات عائد کریں۔
صدر نشین بلدیہ نے الزام عائد کیا اپوزیشن کے ارکان بلدیہ تمام حدود کو پار کرکے جیسے چاہیں ویسے الزامات عائد کرنے میں مصروف ہیں اور ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے اعلان کیا کہ وہ تمام ثبوتوں اور شواہد کیساتھ جلد ہی ایک پریس کانفرنس طلب کرتے ہوئے حقائق کو واضح کریں گی۔
صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کہا کہ بوگس ووٹ کے معاملہ میں ضلع کلکٹر یا آر ڈی او سے انہیں کوئی نوٹس موصول نہیں ہوئی ہے۔اس پریس کانفرنس میں موجود سابق رکن بلدیہ ٹی آرایس سید زبیر لالہ نے کہا کہ رائے دہی کے موقع پر وہ اس مرکز رائے دہی پر موجود تھے اور صدر نشین بلدیہ آدھار کارڈ کیساتھ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پہنچیں تو انتخابی عہدیدار کے ساتھ ساتھ وہاں موجود پولنگ ایجنٹس نے بھی تصدیق کی جسکے بعد ہی صدر نشین بلدیہ نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
اس موقع پر ٹی آرایس ارکان بلدیہ عبدالرزاق ،شوبھارانی،مختار احمد ناز،سلمیٰ فاطمہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔