عصمت ریزی کی کوشش کرنے والے شخص کو خاتون نے دی زندگی بھر خواتین سے دور رہنے کی سزاء
بھوپال :20۔مارچ (ایجنسیز/سحرنیوزڈیسک)
ملک میں خواتین اور لڑکیوں کی عصمت ریزی کا گراف بڑھتا ہی جارہاہے جس سے خواتین میں عدم تحفظ کا احساس بڑھنے لگا ہے .ایسے میں مدھیہ پردیش کی ایک شادی شدہ خاتون نے اس کی عصمت ریزی کی کوشش کرنے والے مرد کو کچھ ایسی سزاء دی کہ اب وہ آئندہ دیگر خواتین کی عصمت ریزی کا خیال بھی اپنے دماغ میں نہیں لاسکتا !!
اس خاتون نے اپنی عصمت بچانے کیلئے عصمت ریزی کی کوشش کرنے والے مرد کا عضوئے خاص کاٹ دیا اور خود پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔

ریاست مدھیہ پردیش کے دارلحکومت بھوپال سے 50 کلومیٹر کی دوری پر موجود سِدھی میں پیش آنیوا لے اس واقعہ کے بعد شاید خواتین کی عصمت ریزی کرنے والوں میں خوف اور خواتین میں ایک حوصلہ پیدا ہوجائے!! قانونی اعتبار سے اس خاتون کا یہ اقدام درست ہے یا غلط یہ الگ موضوع بحث ہے ویسے بھی عصمت ریزی کا شکار خواتین کو عدالتوں سے انصاف ملنے میں برسوں لگ جاتے ہیں یا پھر ناکافی شواہد کے باعث مجرم باآسانی سزاؤں سے بچ جاتے ہیں ایسے سماج دشمن مجرمین کے لیے ضروری ہے فاسٹ ٹریک کورٹس کے ذریعہ جلد سے سزاؤں کا تعین کیا جائے جس کے بعد ملک میں عصمت ریزی کے واقعات کو روکنا ممکن ہوگا۔

مدھیہ پردیش کے ضلع سِدھی کے اومریہا موضع میں پیش آنیوالے واقعہ کی تفصیلات سے کھڈی پولیس اؤٹ پوسٹ کے انچار ج سب انسپکٹر پولیس دھرمیندرا سنگھ راجپوت نے بتاتے ہوئے کہا کہ اس خاتون نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ اس کا شوہر کسی کام سے دوسرے شہر گیا ہوا تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا۔
خاتون کے بموجب 11 بجے رات وہ اس وقت اپنے مکان میں اپنے 13 سالہ بیٹے کے ساتھ موجود تھیں کہ ایک شخص انکے مکان میں داخل ہوگیا جسے پہلے تو چور سمجھ کر ان کا بیٹا خوفزدہ ہوکرمکان سے بھاگ گیا تاہم یہ شخص انہیں زمین پر گراکر ان کی عصمت ریزی کی کوشش کررہا تھا کہ اس خاتون نے اپنے آپ کو اس شخص سے بچانے کیلئے 20 منٹ تک کوشش کی اسی دؤران اس خاتون نے چارپائی کے نیچے پڑی ہوئی درانتی اٹھائی اور عصمت ریزی کی کوشش کرنے والے اس مرد کا عضوئے خاص کاٹ دیا ۔
کھڈی پولیس اؤٹ پوسٹ کے انچار ج سب انسپکٹر پولیس دھرمیندرا سنگھ راجپوت نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد رات دیڑھ بجے یہ خاتون خود پولیس اؤٹ پوسٹ پہنچی اورسارے واقعہ کی تفصیلات پولیس کو دیتے ہوئے اس شخص کے خلاف شکایت درج کروائی ۔
جسکے بعد پولیس نے اس شخص کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے بعد ازاں اسے سِدھی ڈسٹرکٹ ہسپتال کو منتقل کردیا۔ پھر وہاں سے ڈاکٹرس کی صلاح پر مزید بہتر علاج کی غرض سے اس شخص کوریوا ضلع کے سنجے گاندھی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کردیا گیاہے۔
پولیس نے عصمت ریزی کی کوشش کرنے والے اس شخص کے خلاف خاتون کی شکایت پر قانون کی 354، 456، 294 اور 506 دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا۔
انچار ج سب انسپکٹر پولیس دھرمیندرا سنگھ راجپوت نے بتایا کہ متاثرہ شخص نے بھی اس خاتون کے خلاف شکایت درج کروائی ہے جس کی بنیاد پر اس خاتون کے خلاف بھی قانون کی دفعہ327 کے تحت ایک کیس درج رجسٹر کرلیا ہے ۔ اور اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں۔