عثمانیہ یونیورسٹی کے طئے شدہ امتحانات حسب معمول منعقد ہونگے

ریاستی خبریں

عثمانیہ یونیورسٹی کے طئے شدہ امتحانات حسب معمول منعقد ہونگے

حیدرآباد۔23۔مارچ( سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاستی حکومت نے آج 23 مارچ کو اعلان کیا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ اور ریاست کے چند اضلاع کے اسکولس ، ہاسٹلس اور اقامتی اسکولس میں طلبہ ، اساتذہ اور عملہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے اور ساتھ ہی طلبہ کے سرپرستوں میں پھیلی بے چینی کے پیش نظر کل 24 مارچ سے ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کیساتھ ساتھ ہاسٹلس اوراقامتی اسکول احتیاطی طورپر غیر معینہ مدت کیلئے بند کردئیے جائیں گے۔

اسی دؤران آج شام کنٹرولر آف ایگزامنیشنس عثمانیہ یونیورسٹی ،حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے تعلیمی سال کے تمام طئے شدہ امتحانات کوویڈ سے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کیساتھ حسب معمول منعقد کیے جائیں گے ۔

کنٹرولر آف ایگزامنیشنس عثمانیہ یونیورسٹی ،حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ۔

وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی کی جانب سے اسمبلی میں تعلیمی اداروں کو کل سے بند کردئیے جانے کے اعلان کے بعد عثمانیہ یونیورسٹی کے کل سے ہونے والے امتحانات کے متعلق طلبہ میں تشویش پائی جاتی تھی کہ آیا یہ امتحانات بھی منسوخ ہونگے یا نہیں؟؟

اب کنٹرولر آف ایگزامنیشنس عثمانیہ یونیورسٹی ،حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے بعد ان طلبہ کی تشویش ختم ہوگئی ہے۔