بریکنگ نیوز : تلنگانہ میں 24 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کردینے حکومت کا فیصلہ

ریاستی خبریں

بریکنگ نیوز : تلنگانہ میں 24 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے عارضی طورپر بند کردینے حکومت کا فیصلہ

حیدرآباد ۔23۔مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں بھی کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر غیر معینہ مدت کیلئے بند کردئیے جانے کا آج شام ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے اسمبلی میں اعلان کیا ہے۔

وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی ریاستی اسمبلی میں تعلیمی اداروں کو کل 24 مارچ سے بند کردئیے جانے کے حکومت کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے۔

تاہم ریاست میں موجود تمام میڈیکل کالجس میں تعلیم حسب معمول جاری رہے گی۔ وہیں وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبہ کیلئے آن لائن تعلیم کا نظم جاری رکھا جائے گا۔

وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی ریاستی اسمبلی میں تعلیمی اداروں کو کل 24 مارچ سے بند کردئیے جانے کے حکومت کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے۔
(ویڈیو بشکریہ : ٹی ۔ نیوز )

قبل ازیں ریاست کے کئی اسکولس میں کوروناوائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر نے وزیرتعلیم ، محکمہ صحت و محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے مشورہ دیا کہ ریاست میں تعلیمی اداروں کو بند کردیا جائے۔

جسکے بعد وزیر اعلیٰ کے سی آر کی ہدایت پر وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے اسمبلی میں ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولس کو کل 24 مارچ بروز چہارشنبہ سے غیر معینہ مدت کیلئے بند کردئیے جانے کا اعلان کیا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ریاست اور تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلنے پر طلبہ کے والدین تشویش کا اظہار کررہے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ اسکولس کو فوری طور پر بند کردیا جائے اور یہی وجہ ہے کہ طلبہ ، اساتذہ کی صحت کو اور اولیائے طلبہ کی تشویش نظر رکھتے ہوئے احتیاطی طورپر تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔

وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ سوائے میڈیکل کالجس کے ریاست میں موجود تمام سرکاری و خانگی اسکولس ، گروکل اسکولس ، ہاسٹلس اور اقامتی اسکولس کل سے مکمل طورپر بند کردئیے جائیں گے۔

اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے G.O MS NO : 67 بھی جاری کردیا ہے۔

ریاستی وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے تمامتر احتیاطی اقدامات لازمی طور پر اختیار کیے جائیں، ماسک کا استعمال ، سماجی فاصلہ کیساتھ ساتھ سینی ٹائزر کا استعمال لازمی طور پر کیا جائے۔

یاد رہے کہ ریاست کے کئی اضلاع میں سرکاری اسکولس اور ہاسٹلوں میں بڑی تعداد میں طلبہ ، اساتذہ اور ہاسٹلس کا عملہ کوویڈ سے متاثر ہوا ہے۔ اسی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ لیا ہے۔