اہم خبر : تلنگانہ میں نافذالعمل "نائٹ کرفیو” میں مزید توسیع
حیدرآباد : 30۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ میں نافذالعمل " نائٹ کرفیو ” میں ریاستی حکومت نے مزید 8 دن کی توسیع کی ہے۔حکومت نے آج اس نائٹ کرفیو کو 8مئی بروز ہفتہ تک توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلہ میں آج حکومت تلنگانہ نے G.O. Ms.No.91 جاری کردیا ہے۔
یاد رہے کہ ریاست میں کوروناوائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے ریاست میں 20 اپریل کی رات سے نائٹ کرفیو نافذ کردیا تھا جس کی معیاد کل یکم مئی کی صبح 5 بجے ختم ہورہی ہے۔اس لیے حکومت نے اس نائٹ کرفیو میں 8 دنوں کی توسیع کا آج اعلان کیا ہے۔
حکومت نے ریاست میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر اس نائٹ کرفیو کو مزید 8 دنوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حسب معمول تلنگانہ میں روزآنہ رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک رات کا کرفیو جاری رہے گا۔ جسکے دؤران رات 8 بجے تمام کاروباری، تجارتی ادارے بند کرنے ہونگے۔ عوام کو سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس نائٹ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کی مختلف دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔

صرف ایمرجنسی خدمات ، ہسپتالوں ،میڈیکل ہالس اور ریاستی ، غیر ریاستی ٹرانسپورٹ سسٹم کے ذریعہ اشیائے ضروریہ کی منتقلی کیلئے اس نائٹ کرفیو سے چھوٹ رہے گی۔جبکہ بسوں اور ٹرینوں سے آنیوالے مسافرین کے پاس بس اور ٹرین کے ٹکٹس کا ہونا لازمی ہوگا۔