تلنگانہ کے پانچ اضلاع میں این آئی اے کی تلاشی مہم ، دھماکو اشیاء ضبط

ریاستی خبریں

تلنگانہ کے پانچ اضلاع میں این آئی اے کی تلاشی مہم،دھماکو اشیاء ضبط

حیدرآباد19۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

ماؤسٹوں کو دھماکو اشیاء فراہم کرنے کے شبہ میں آج پیر کے دن نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)نے تلنگانہ کے پانچ اضلاع میں تلاشی مہم منظم کی۔

ماؤسٹوں کے ہمدرد ہونے کے شبہ میں این آئی اے کی ٹیموں نے 8 مکانات کی تلاشی لیتے ہوئے دھماکوں میں استعمال ہونے والی اشیاء کو ضبط کیے جانے کی اطلاع این آئی اے نے میڈیا کو فراہم کی ہے۔

جس میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیموں نے ایک ساتھ اضلاع ورنگل،کوتہ گوڑم،محبوب نگر، جنگاؤں اور میڑچل میں یہ تلاشی کارروائی انجام دی۔

" فائل فوٹو "

این آئی اے کے مطابق جاریہ سال 18 فروری کو درج ایک قدیم کیس کی چھان بین کے تحت آج تلاشی کارروائی انجام دی گئی ہے جس میں جملہ 8 افراد ملزم ہیں تاہم ان میں چار افراد روپوش ہوگئے ہیں۔

ضلع محبوب نگر کے ساکن متو ناگاراجو ،وی۔ستیش ، جنگاؤں ضلع کے سورا ساریا ،ورنگل اربن اور ہنمکنڈہ ضلع میں پلے پوسوامی کے مکانات کی این آئی اے نے تلاشی لی۔

این آئی اے نے میڈیا کو جاری کردہ اطلاع میں کہا ہے کہ ان تمام پر سی پی آئی ماویسٹ پارٹی کے ہمدرد ہونے کا شبہ ہے۔این آئی اے نے اپنی اطلاع میں بتایا ہے کہ سی پی آئی ماؤسٹ کی فرسٹ بٹالین پی ایل جی اے کے کمانڈر  ہڈما کو دھماکو اشیاء سربراہ کیے جانے کی اطلاعات پر یہ تلاشی کارروائی انجام دی گئی ہے۔

این آئی اےنے بتایا کہ آج اس تلاشی مہم کے دؤران 400 الیکٹرک ڈیٹونیٹرس،500 نان الیکٹرک ڈیٹونیٹرس،400 جلیٹن اسٹکس،549 میٹر کے حامل فیوز وائر اور دیگر اشیاء متو ناگ راجو ، کوما راجولا کنکیا کے مکانات سے ضبط کی گئی ہیں۔

اور ساتھ ہی چند میٹل پلیٹس ، آہنی راڈس ، دھماکوں میں استعمال کی جانے والی آہنی اشیاء بھی ضبط کیے گئے ہیں۔

این آئی اے کے بموجب گرینیڈ لانچر کی تیاری میں استعمال کیے جانے والے،امپرو وائزڈ الیکٹرک ڈیٹونیٹرس اور ان سے جوڑنے والی اشیاء کے علاوہ انقلابی لٹریچر بھی ضبط کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے