تانڈور میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے عیدگاہ،فنکشن ہال اور مساجد میں
آسمان پر گھنے بادلوں کے دؤران خشوع و خضوع کیساتھ نمازِ عیدالاضحی ادا کی
رکن قانون ساز کونسل،رکن اسمبلی،صدرنشین بلدیہ،نائب صدر تلنگانہ کانگریس
اور دیگر نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی
وقارآباد/تانڈور: 10۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآبادضلع کے شہر تانڈور میں آج مسلمانوں نے عیدالاضحی خشوع وخضوع کیساتھ منائی۔ہزاروں فرزندانِ توحید نے خوشگوار موسم، آسمان پر برسنے کے لیے بیتاب گھنے بادلوں، ابر آلود موسم کے درمیان جدید عیدگاہ چنگیز پور روڈ میں مفتی سید شکیل احمد قاسمی،خطیب مدینہ مسجد و ناظم تعلیمات مدرسہ قاسم العلوم تانڈور کی امامت میں 8 بجے صبح نماز عیدالاضحی ادا کی اور پرسکون انداز میں خطبہءعیدالاضحی کی سماعت کی۔
انتہائی خوشگوار موسم میں شہر سے دور لال پتھروں سے تعمیر تاریخی و انتہائی خوشنما و دلکش قبلہ نماءکے منبر سے بعد ازاں مفتی سید شکیل احمد قاسمی نے ملک،ریاست اور دنیا بھر میں اسلام کی سربلندی،امن و امان کے قیام اور دشمنان اسلام کے شر اور انکی سازشوں سے،مخالف اسلام و مخالف مسلم نفرت انگیز ماحول کے فوری خاتمہ اورمسلمانوں کی حفاظت کے لیے،اقطاع عالم کےمسلمانوں کی جانوں اور مالوں کے تحفظ کے لیے خدا کے حضور رقت انگیز دعاء کی۔

مفتی سید شکیل احمد قاسمی نے اپنے خطبہ میں مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں،آپسی تفرقہ کو ختم کریں، افہام وتفہیم، عفوو درگزر کا معاملہ اپنائیں اور اللہ کی رسی کومضبوطی سے تھامے رکھیں۔ساتھ ہی انہوں نے اپنے خطبہ میں مسلمانوں کو جذبہء قربانی کا درس بھی دیا۔
تین دنوں سے لگاتار بارش کے باؤجود صدر عیدگاہ وقبرستان کمیٹی تانڈورمحمد یوسف خان کی نگرانی میں کمیٹی کی جانب سےعیدگاہ میدان میں بہترین انتظامات کئےگئے تھے۔جہاں رات ہونےوالی شدیدبارش کے باؤجود عیدگاہ میدان میں کمیٹی کی جانب سے بچھائی گئیں جائے نمازوں پرمسلمانوں نے اطمینان قلب اور انتہائی پرسکون انداز میں نماز عیدالاضحی ادا کی۔
وہیں جمعیت اہلحدیث تانڈورکی جانب سےجاریہ بارش کے پیش نظر حیدرآباد روڈ پر موجود عیدگاہ کے بجائےآج نیشنل گارڈن فنکشن ہال میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید و دختران ملت نے علحدہ علحدہ گوشہ میں پر سکون انداز میں خشوع و خضوع اور نظم و ضبط کیساتھ15-7 بجےصبح مولانا محمد خلیل الرحمن محمدی،سابق امیرجمعیت اہلحدیث تانڈور کی امامت میں نمازعیدالاضحی ادا کی۔مولاناعبدالرشید جامعی،خازن جمعیت اہلحدیث ضلع وقارآباد نے عید کا خطبہ دیا اوررقت انگیز دعاء کی۔یہاں بھی دشمنان اسلام کی شر انگیزیوں،عالم اسلام کی جان،مال اورعصمتوں کی حفاظت بارش کے موسم میں نفع بخش بارش کے لیے بھی دعا کی گئی۔اس موقع پر صدر عیدگاہ جمعیت اہلحدیث تانڈور عبداللہ مجاہدی،جنرل سیکریٹری محمد حسن الدین صدیقی،خازن عبدالرؤف مجاہدی کے علاوہ جمعیت اہلحدیث کے ذمہ داران موجود تھے۔

رکن قانون سازکونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی،رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی،صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے عیدگاہ اور نیشنل گارڈن پہنچ کرمسلمانوں کو عید کی مبارکبادی پیش کی۔اسی طرح یہاں کی مختلف مساجد اور چند دینی مدارس میں بھی نماز عیدالاضحی کا نظم کیا گیا تھا۔
بعد ازاں شہر میں بڑے پیمانے پرمسلمانوں نے سنت ابراہیمی ؑکے تحت قربانی کانظم کیا۔عیدگاہ چنگیز پور روڈ اور نیشنل گارڈنس میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ کی قیادت میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈوراربن و رورل راجندرریڈی اور رام بابو کی نگرانی میں تانڈور ڈویثرن کے سب انسپکٹران پولیس اور پولیس ملازمین نے سخت انتظامات کیے تھے۔
بعد ازاں عیدگاہ میں منعقدہ تقریب میں رکن قانون سازکونسل ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ اور حکومت تلنگانہ ریاست کے تمام طبقات کے ساتھ مسلمانوں کی فلاح وبہبود کے اقدامات میں مصروف ہیں۔اسی طرح وہ تانڈور کے مسلمانوں کی ترقی،فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں گے اور اس سلسلہ میں حکومت سے موثر نمائندگی کریں گے۔اس موقع پر سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے کہاکہ ماضی میں تانڈورکے مسلمانوں کی ترقی کیلئے کئی ایک اقدامات کیے گئے تھے اور اس وقت بشمول عیدگاہ کی ترقی کے علاوہ دیگر ترقیاتی کام انجام دئیے گئے تھے انہوں نے تیقن دیا کہ آئندہ بھی عیدگاہ کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی ترقی اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے اقدامات کیے جائیں گے۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نےاس موقع پراپنے خطاب میں کہاکہ وہ مسلمانان تانڈور کی ترقی،فلاح و بہبود کے اقدامات کیلئے پابند عہد ہیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ تانڈور کے مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ کے سی آر اور کارگزارصدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر کے ٹی آر سے موثر نمائندگی کرتے ہوئے ان مسائل کو حل کروائیں گے۔
اس موقع پر صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان نے رکن قانون ساز کونسل اور رکن اسمبلی کو ایک یادداشت حوالے کرتے ہوئے نمائندگی کی کہ تانڈور میں مسلم قبرستان کے لیے پانچ ایکڑ اراضی منظور کی جائے جس پر تیقن دیا گیا کہ وہ اس کےلیے نمائندگی کریں گے۔
بعد ازاں عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر پی۔ مہیندر ریڈی،پائلٹ روہت ریڈی،صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈاسواپنا پریمل،نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و انچارج حلقہ اسمبلی تانڈور ایم۔رمیش کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین اور تمام شرکاء کی شیر خورمہ سے تواضع کی گئی۔

اس تقریب میں ٹی آرایس کے ریاستی قائد کرنم پرشوتم راؤ،صدرنشین زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،امیر منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور محمدخورشیدحسین،سابق صدرتانڈور ٹاون ٹی آ ر ایس عبدالروف،سابق نائب صدرنشین بلدیہ ایم اے علیم،صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اےنعیم افو ،ٹی آر ایس پارٹی ترجمان راجو گوڑ،پٹلولا نرسملو،سیدمسعود احمد،امتیاز بابا کے علاوہ عیدگاہ و قبرستان کمیٹی کے عہدیداران سابق رکن بلدیہ سید زبیر پاشاہ،غلام مصطفیٰ پٹیل،صابر پاشاہ،محمدفصیح الدین سابق رکن بلدیہ،محمد قیصر،نصیر پٹیل کے علاوہ تانڈور کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

