محترمہ کے۔نکھیلا نے بحیثیت کلکٹرضلع وقارآباد اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا
صاف و شفاف انتظامیہ کی فراہمی اور ضلع میں تمام سرکاری اسکیمات کے مکمل نفاذ کا عزم
وقارآباد: یکم۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
بحیثیت کلکٹر و ضلع مجسٹریٹ ضلع وقارآباد محترمہ کے۔نکھیلا آئی اے ایس نے آج شام متبدلہ ضلع کلکٹر محترمہ پوسومی باسو سے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔
دو دن قبل حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے جن 14؍آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کے احکام جاری کیے گئے ہیں ان میں کلکٹر ضلع وقارآبادمحترمہ پوسومی باسو آئی اے ایس بھی شامل ہیں۔
محترمہ کے۔نکھیلا ضلع کلکٹر وقارآباد کا تعلق 2015 ء کے آئی اے ایس کیڈر سے ہے اور وہ بحیثیت ضلع کلکٹر جنگاؤں خدمات انجام دے رہی تھیں۔
محترمہ کے۔نکھیلا نے آج شام دفتر کلکٹریٹ وقارآباد پہنچ کر اپنے اس نئے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا جہاں متبدلہ ضلع کلکٹر محترمہ پوسومی باسو اور دیگر عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے گلدستے پیش کیے۔ متبدلہ ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے 3؍فروری 2020ء کو اپنے اس عہدہ کا جائزہ حاصل کیا تھا۔
متبدلہ ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے ضلع کلکٹر کے۔نکھیلا سے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کا تعارف کروایا اور ہریتا ہارم پروگرام کے تحت ضلع میں اب تک کتنے پودے لگائے گئے ہیں اور ضلع میں کتنی نرسریز،کتنے ملازمین برسر خدمت ہیں اس کی تفصیلات فراہم کیں اور ساتھ ہی حکومت کی مختلف اسکیمات پر ضلع میں اب تک کی گئی عمل آوری سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کیں۔
آج اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد کلکٹر و مجسٹریٹ ضلع وقارآباد محترمہ کے۔نکھیلا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع وقارآباد کی ترقی اور ضلع کے عوام کو صاف و شفاف انتظامیہ کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ساتھ ہی ضلع میں تمام سرکاری اسکیمات کا مکمل نفاذ ان کا مقصد ہوگا،ہر مستحق تک حکومت کی اسکیمات پہنچائی جائیں گی اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔
ضلع کلکٹر کے۔نکھیلا نے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اندرون پندرہ یوم تمام زیر التواء کاموں کی تکمیل کرلی جائے۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلا نے کہا کہ جنگاؤں ضلع میں بحیثیت ضلع کلکٹر 20؍ماہ خدمات انجام دینے کے بعد وہ تبادلہ پر ضلع وقارآباد آئی ہیں۔اس مؤقع پر ایڈیشنل کلکٹران موتی لال اور چندریا کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے ضلعی عہدیدار مؤجود تھے۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ 2016ء میں ریاست میں 21؍جدید اضلاع کی تشکیل کے مؤقع پرضلع رنگاریڈی کو تین اضلاع وقارآباد، میڑچل اور ضلع رنگاریڈی میں منقسم کیا گیا تھا۔
اس طرح ضلع وقارآباد کی تشکیل کے اندرون پانچ سال محترمہ کے۔نکھیلا ضلع وقارآباد کی پانچویں اوربحیثیت خاتون چوتھی ضلع کلکٹر ہیں
جدید ضلع وقارآباد کی تشکیل کے بعد محترمہ دیویا دیو راجن کو ضلع وقارآباد کی اول ضلع کلکٹر بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا تاہم ڈسمبر 2017ء میں ان کاضلع عادل آباد تبادلہ عمل میں لایا گیا تھا۔
جبکہ جناب سید عمر جلیل نے بحیثیت ضلع کلکٹر وقارآباد 5؍جنوری 2018 تا 7؍فروری2019ء کلکٹرضلع وقارآباد کی ذمہ داری نبھائی تھی
بعد ازاں یکم؍مارچ 2019ء کو محترمہ عائشہ مسرت خانم نے ضلع وقارآباد کی تیسری اور دوسری خاتون ضلع کلکٹر ہونے کا اعزاز حاصل کیاتھا۔
جبکہ محترمہ پوسومی باسونے ضلع وقارآباد کی چوتھی اور تیسری خاتون ضلع کلکٹر کی حیثیت سے 19 ماہ بہترین خدمات انجام دیں۔
آج محترمہ کے۔نکھیلا نے ضلع وقارآباد کی پانچویں اور چوتھی خاتون ضلع کلکٹر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کیا ہے۔
بعدازاں ضلع کے سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کی جانب سے ڈی پی آر سی بھون میں متبدلہ ضلع کلکٹر محترمہ پوسومی باسو کی وداعی تقریب منعقد کرتے ہوئے بحیثیت ضلع کلکٹر وقارآباد ان کی خدمات کی سراہنا کی گئی اور ان سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
اس وداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے کہا کہ ضلع وقارآباد میں خدمات کے دؤران انہیں عہدیداروں اور عوام کا بہترین اور ناقابل فراموش تعاون حاصل رہا جسے وہ زندگی بھر یاد رکھیں گی۔
محترمہ پوسومی باسو نے کہا کہ بالخصوص کورونا وباء پر قابو پانے اور عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا تھا جس میں عہدیداروں اور عوام کا بہترین تعاون شامل ہے۔اس تقریب میں ضلع کے مختلف سرکاری محکمہ جات کے عہدیداران، ملازمین اور ایم پی ڈی اوز اور دیگر شریک تھے۔