حیدرآباد میں بھی آئی پی ایل میچیس منعقد کیے جائیں، لوک سبھا میں ایم پی رنجیت ریڈی کا مطالبہ
نئی دہلی/حیدرآباد 19۔مارچ (سحرنیوزڈیسک)
رکن پارلیمنٹ حلقہ چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے آج لوک سبھا میں مطالبہ کیا ہے کہ حیدرآباد میں بھی انڈین پر یمئرلیگ (آئی پی ایل )کے میچوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔
رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے لوک سبھاکو واقف کروایا کہ آئی پی ایل سیزن 14 کے شیڈول میں حیدرآباد کو شامل نہیں کیا گیا ہے جس سے حیدرآباد کے کرکٹ شائقین حیران اور مایوس ہوگئے ہیں۔
رکن پارلیمنٹ حلقہ چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے۔(ویڈیو بشکریہ:لوک سبھا ٹی وی)
لوک سبھا میں اپنے خطاب میں رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں ملک کے دیگر میٹرو شہروں کے مقابلے میں کوویڈ کے معاملات کم ہیں اور حکومت تلنگانہ کی چوکسی اور تمامتر احتیاطی اقدامات کے باعث شہر حیدرآباد میں بھی کوویڈ کے معاملات کم ریکارڈ ہورہے ہیں ایسے میں آئی پی ایل میچس کا انعقاد محفوظ طریقہ پر ہوگا اور حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن ایک کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے کام کرے گا۔
رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے یاددہانی کروائی کہ حیدرآباد کو حالیہ دنوں میں چار مرتبہ بہترین شہر کا اعزاز حاصل ہوچکاہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو آئی پی ایل مقابلوں کے انعقاد کیلئے منتخب نہ کیے جانے سے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو بہت بڑا نقصان ہوگا۔اور ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں موجود کرکٹ کی سرگرمیوں اورنوجوانوں کی صلاحیتوں کو بھی نقصان پہنچے گا۔

رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی نے لوک سبھا میں کیے گئے اپنے خطاب یاد دہانی کروائی کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے حیدرآباد میں آئی پی ایل میچوں کے انعقاد کیلئے تمام ضروری انتظامات اور ہر ممکنہ مدد کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے پہلے ہی بی سی سی آئی اور آئی پی ایل سے اپیل بھی کی تھی۔
رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے لوک سبھا میں خواہش کی کہ جلد ہی آغاز ہونے جارہے آئی پی ایل میچس کے حیدرآباد میں بھی انعقاد پر غور کیا جائے اور حیدرآباد میں آئی پی ایل سیزن کے میچوں کی میزبانی کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے اتوار 14 مارچ کو انڈین پریمیر لیگ 2021 کے مکمل شیڈول کا اعلان کیاہے۔ یہ ٹورنامنٹ اس مرتبہ
9 اپریل تا 30 مئی ہندوستان میں کھیلا جائے گا۔اس مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے میچس احمدآباد ، بنگلورو ، چنئی ، دہلی ، ممبئی اور کولکاتہ میں ہوں گے۔