وائی ایس شرمیلا سے محمد اظہر الدین کے فرزند اورثانیہ مرزا کی بہن کی ملاقات

ریاستی خبریں

وائی ایس شرمیلا سے محمداظہرالدین کے فرزند اور  ثانیہ مرزا کی بہن کی ملاقات

حیدرآباد: 19 مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیراعلیٰ متحدہ آندھرا پردیش آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر اور وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن وائی ایس شرمیلا سے آج سابق کپتان ٹیم انڈیا و موجودہ صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) محمداظہرالدین کے فرزندمحمداسدالدین اوران کی اہلیہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی بہن انم مرزا نے حیدرآباد کے لوٹس پانڈ میں ان سے ملاقات کی۔

ایسے میں جبکہ گزشتہ دیڑھ ماہ سے وائی ایس شرمیلا ریاست تلنگانہ میں ایک نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل کا منصوبہ رکھتی ہیں اور ریاست کے مختلف سیاسی قائدین سے ملاقات، گفت و شنیداور اجلاس کے انعقاد میں مصروف ہیں محمداسدالدین اور انم مرزا کی وائی ایس شرمیلا سے ملاقات سیاسی اور صحافتی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ہے۔

تاہم پیشہ سے فیشن ڈیزائنر انم مرزا نے وائی ایس شرمیلا سے ملاقات کے بعد واضح کیا کہ اس ملاقات کا کوئی سیاسی پہلو نہیں ہے اور یہ ایک خیر سگالی ملاقات ہے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے اب جبکہ 9 اپریل کو وائی ایس شرمیلا کی جانب سے کھمم میں ایک جلسہ عام کے انعقاد کے ذریعہ اپنی سیاسی پارٹی کے اعلان کیے جانے کی اطلاعات زوروں پر ہیں تو ایسے میں محمد اسدالدین اور ان کی اہلیہ انم مرزا کی وائی ایس شرمیلا سے ملاقات اہمیت کی حامل ہوجاتی ہے کہ آیا یہ دونوں وائی ایس شرمیلا کی نئی سیاسی پارٹی میں شامل ہونگے؟

یاد رہے کہ محمد اسد الدین کے والد سابق کپتان ٹیم انڈیا محمد اظہر الدین کا تعلق کانگریس پارٹی سے ہے اور وہ 2009ء تا 2014ء حلقہ لوک سبھا مرادآباد سے لوک سبھا کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔