وہاٹس اپ پراسٹاٹس لگاکر ماں نے دولڑکیوں کیساتھ تالاب میں چھلانگ لگادی،دونوں لڑکیوں کی موت،ماں کی حالت نازک

ریاستی خبریں ضلعی خبریں
وہاٹس اپ پراسٹاٹس لگاکر ماں نے دولڑکیوں کیساتھ تالاب میں چھلانگ لگادی،دونوں لڑکیوں کی موت،ماں کی حالت نازک

وقارآباد : 19 مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد میں آج پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک نرس نے خودکشی کی غرض سے اپنے دونوں معصوم بچوں کیساتھ چھلانگ لگادی جس میں دونوں بچوں کی غرقابی سے موت واقع ہوگئی تاہم ماں کو بچالیاگیا جس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

تالاب میں غرق ہوکر فوت ہونے والی دو معصوم لڑکیاں۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے بموجب دھارور منڈل کے علی پور کی ساکن بھاگیہ لکشمی کی بنٹارم منڈل کے ساکن گوپال سے 2016ء میں شادی ہوئی تھی اس جوڑے کو تین سالہ لڑکی کرپا اوردوسری لڑکی 9 ماہ کی ہے۔بھاگیہ لکشمی نے بی ایس سی کی تکمیل کے بعد وقاراباد کے اینے پلی میں مقیم رہ کر مہاویر ہسپتال وقارآباد میں نرس کی ملازمت کررہی ہے۔

اقدام خودکشی کرنے والی ماں بھاگیہ لکشمی نازک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج۔

آج دوپہر بھاگیہ لکشمی نے اپنے وہاٹس اپ کا اسٹاٹس لگایا کہ وہ اپنی دونوں بیٹیوں کیساتھ خودکشی کررہی ہے جسے پڑھ کر فوری اسکے افراد خاندان اور دوست اس کی تلاش میں نکل گئے جب اس کے گھر جاکر پوچھا گیا تو لوگوں نے بتایا کہ ابھی بھاگیہ لکشمی کو اپنی دونوں بیٹیوں کیساتھ شیواریڈی پیٹ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا ہے۔

تو فوری شبہ کی بنیاد پر یہ لوگ شیواریڈی تالاب پر پہنچ گئے اورمحسوس کرلیا کہ بھاگیہ لکشمی اپنی بیٹیوں کیساتھ تالاب میں چھلانگ لگائی ہے تو افراد خاندان نے بھی فوری تالاب میں چھلانگ لگاتے ہوئے ماں بھاگیہ لکشمی اور 9 ماہ کی بیٹی کو پانی سے باہر نکال لیا تاہم 9 ماہ کی لڑکی تب تک فوت ہوچکی تھی۔

ماں کے اقدام خودکشی کے دؤران غرقاب ہوکر فوت ہونے والی دونوں معصوم لڑکیوں کی فائل فوٹو۔

ماں کی حالت نازک تھی جسے فوری طورپر وقارآباد کے ہسپتال کو منتقل کردیا گیا جسے طبی امداد دی جارہی ہے۔ دوسری جانب بھاگیہ لکشمی کے باپ آنندم نے الزام عائد کیا کہ بیروزگار شوہر گوپال کی جانب سے روز رقم کے مطالبہ اور ہراسانی سے پریشان ان کی بیٹی بھاگیہ لکشمی نے یہ انتہائی اقدام کیا ہے۔
اس واقعہ کی اطلاع کے بعد ڈی ایس پی وقارآباد سنجیوا راؤ اور سرکل انسپکٹر راج شیکھر شیواریڈی پیٹ کے تالاب پر پہنچ گئے اور تیراکوں کی مدد سے تین سالہ لڑکی کرپا کی نعش تالاب سے باہر نکالی گئی۔

ماہر تیراک تین سالہ لڑکی کی نعش تالاب میں تلاش کرتے ہوئے۔

بعد پنچنامہ دونوں معصوم لڑکیوں کی نعشیں بغرض پوسٹ مارٹم وقارآباد کے سرکاری ہسپتال منتقل کردئی گئیں اس موقع پر پولیس نے بھاگیہ لکشمی کے افراد خاندان سے تفصیلات اور خودکشی کی وجوہات حاصل کیں۔ اطلاع پر رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر ایم۔آنند بھی تالاب پر پہنچ گئے تھے جنہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔

ماں کا اقدام خودکشی اور اس واقعہ میں دونوں معصوم لڑکیوں کی موت پر دھارورمنڈل کے علی پور میں غم اور افسوس کی لہر دؤڑگئی۔
اس سلسلہ میں وقارآباد پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔