حضرت مولانا ولی رحمانی کی وفات،ایک زریں عہد کا خاتمہ
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کا اظہار تعزیت
تانڈور: 4۔اپریل (سحرنیوز ڈاٹ کام)
ملک کے معروف عالم دین،آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکریٹری،امیر شریعت پھلواری شریف پٹنہ بہار،سجادہ نشین خانقاہ رحمانی مونگیر مفکر اسلام حضرت مولانا ولی رحمانی ؒ کے انتقال پرملا ل پر مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت مولانا کی وفات ایک زریں عہد کا خاتمہ ہے۔

مولانا عبداللہ اظہر قاسمی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ حضرت مولانا ایک بیباک قائد،ملی مسائل کے تئیں سنجیدہ و فکرمند لیڈر،مسلم مخالف معاملات پر بے لاگ مبصر،خانقاہ رحمانی مونگیر کے سجادہ نشین اور روح رواں،برسر اقتدار وزراء ولیڈران کے روبرو برملا اور بے لاگ اظہار حق کا فریضہ انجام دینے والی عظیم شخصیت اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے متحرک جنرل سیکریٹری تھے۔
اللہ رب العزت نے مولانا کو بیک وقت متنوع دینی وملی خدمات کی توفیق عطاء فرمائی تھی آپ کی ذات اپنے آپ میں ایک انجمن تھی آپ جہاں دینی تعلیم اور بیعت وسلوک کے مسند کی شان تھے وہیں عصری تعلیم کے میدان میں بھی آپ کی خدمات سنہرے حروف سے لکھے جانے کے لائق ہیں آپ نے اپنی زیر نگرانی کئی ایک عصری تعلیم کے شعبوں کا قیام عمل میں لایا جہاں سے ہر سال سینکڑوں مسلم طلباء اعلی معیاری عصری تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ملی مسائل پر برملا اور ڈنکے کی چوٹ پر اپنی آواز بلند کرتے تھے۔
بالخصوص مسلمانوں کے ذاتی معاملات اور عائلی حقوق کا تحفظ آپ کا اوڑھنا بچھونا تھا دنیا کے طول وعرض میں حضرت مولانا کے شاگردوں،معتقدین اور بہی خواہان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
مولانا کی وفات سے ملی جدوجہد کے میدان میں ایک ایسا خلاء پیدا ہوا ہے جس کی بھر پائی ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے اور امت مسلمہ ایک بے لاگ قائد،دردمند لیڈر اور ایک بافیض عالم دین سے محروم ہوگئی۔

مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد غم کی اس گھڑی میں حضرت مولانا کے اہل خانہ،رشتہ داروں،شاگردوں،معتقدین اور دیگر اہل تعلق کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتی ہے اور دعاء گو ہیکہ اللہ رب العزت حضرت مولانا کی عظیم خدمات کو شرف قبولیت عطاء کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندی درجات کا وسیلہ بنائے اور لواحقین کو صبر وقرار عطاء فرمائے اور امت کو آپ کا بہترین بدل عطا فرمائے۔