وقارآباد ضلع : تانڈور میں ایک کلو سے زائد گانجہ ضبط، چار گرفتار

وقارآباد ضلع: تانڈور میں ایک کلو سے زائد گانجہ ضبط، چار گرفتار
گانجہ کی خرید و فروخت کے خلاف سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی کا انتباہ

وقارآباد/تانڈور22۔جون (سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں بھی گانجہ اور دیگر نشیلی اشیاء کی خرید و فروخت کا سلسلہ اور نوجوان نسل کو برباد کرنے کا کام خاموشی کے ساتھ جاری ہے۔!! ضرورت شدید ہےکہ اس لعنت کوپھلنے پھولنے کاموقع نہ دیا جائے اور نوجوانوں پر نظر رکھی جائے۔اسی دوران تانڈور پولیس نے چار نوجوانوں کو گانجہ کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندرریڈی نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ تانڈور کےساکن جادھو اروند،ساکن مانک نگر،پیشہ ڈی سی ایم ڈرائیور، اکرم،ساکن گولہ چیروؤ،پیشہ ویلڈنگ ورک،سید عارف،ساکن اندرا نگر،پیشہ قلی اور چاکلی بابو،ساکن گولہ چیروؤ،پیشہ قلی نے پیسہ کمانے کی غرض سے کرناٹک کے بیدر سے گانجہ خرید کر لانے کے بعد اس کی پوڑیاں بناکر نوجوانوں کو فروخت کرنے کی غرض سے کل ولیم اسکول گراؤنڈ میں اس گانجہ کو آپس میں تقسیم کرلینے میں مصروف تھے۔

اس اطلاع پر سب انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) مہیپال ریڈی عملہ کے ساتھ فوری جائے مقام پر پہنچ گئے اورتحصیلدار تانڈور چنا اپلا نائیڈو کی نگرانی میں بعد پنچنامہ گانجہ کو ضبط کرلیا اور ان چاروں کو تحویل میں لے لیا گیا۔سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندرریڈی نے بتایا کہ ان چاروں کے قبضہ سے ایک کلو، 158 گرام گانجہ ضبط کرتے ہوئے ان پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرتے ہوئے ان چاروں کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندرریڈی نے تانڈور کےبالخصوص نوجوان طبقہ کومشورہ دیا ہے کہ وہ گانجہ جیسی نشہ کی لت سے خود کو دور رکھیں۔ساتھ ہی انہوں نے انتباہ دیا ہے کہ تانڈور میں گانجہ کی خرید و فروخت کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔سرکل انسپکٹر پولیس نے عوام سے بھی خواہش کی ہے کہ اگر وہ کہیں گانجہ یا دیگر نشیلی اشیاء کی خرید و فروخت سے واقف ہوں تو پولیس کو اطلاع دیں۔اطلاع دینے والوں کی شناخت مخفی رکھی جائے گی۔