تلنگانہ میں مزید تین دنوں تک شدید بارش کی پیش قیاسی، بشمول حیدرآباد 24 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری

تلنگانہ میں مزید تین دنوں تک شدید بارش کی پیش قیاسی
بشمول حیدرآباد 24 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری

حیدرآباد۔05۔اگست (سحرنیوزڈاٹ کام)

کل 4 اگست کو حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بعد سہء پہر ہونے والی شدید ترین بارش نے عام زندگی کو درہم برہم کر دیا۔سڑکیں اور نشیبی علاقے جھیلوں کا منظر پیش کر رہے تھے اہم علاقوں میں رات دیر گئے تک ٹریفک نظام مفلوج رہا ۔کئی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ کئی علاقوں میں ڈرینج کا پانی بھی سڑکوں پر آجانے سے بھی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کل حیدرآباد میں ہونے والی شدید بارش کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چند گھنٹوں میں ہی قطب اللہ پور میں 151.5 ملی میٹر، شیخ پیٹ میں 124 ملی میٹر، خیریت آباد میں 117ملی میٹر، کوکٹ پلی میں 102 ملی میٹر، بنجارہ ہلز میں 74.5 ملی میٹر،احمد نگر میں 53.3 ملی میٹر اورسری نگر کالونی میں 50.8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔اس کے علاوہ اوپل ، ناچارم ، تارناکہ ، رامنتا پور، پنجہ گٹہ، جوبلی ہلز کے بشمول قدیم شہر کے کئی علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی جس سے سڑکیں اور نشیبی علاقے تالابوں میں تبدیل ہوگئے تھے۔

سوشل میڈیا  پرحیدرآباد میں کل ہونے والی بارش کے کئی ویڈیوز کل اور آج زیرگشت ہیں۔کونڈا پور فلائی اوور بریج کا منظر نہ صرف ریاست بلکہ ملک کے دیگر مقامات اورقومی میڈیا میں بھی موضوع بحث بنا ہوا ہے جہاں بارش کے پانی کی عدم نکاسی کے باعث یہ بریج مکمل زیر آب آگیا جاریہ دنوں میں یہ منظر کل دوسری مرتبہ دیکھا گیا۔

اسی دؤران مرکزی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہیکہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث آج 5 اگست، بروز منگل سے آئندہ تین دنوں تک ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سمیت 24 اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ شدید اور موسلادھار بارش کا امکان ہے اور اس کے لیے محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔چند اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی  کرتے ہوئے ان ایلو الرٹ کے آرینج الرٹ میں تبدیل ہونے کا امکان بھی ہے۔!!

محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کےمطابق اضلاع میڑچل ملکاجگری، حیدرآباد، رنگاریڈی، سنگاریڈی، محبوب نگر، ناگرکرنول،ونپرتی، نارائن پیٹ،جوگولامباگدوال،جے شنکر بھوپا ل پلی،ملگ، بھدرادری کوتہ گوڑم،کھمم، نلگنڈہ ، سوریہ پیٹ،محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ ، جنگاؤں، سدی پیٹ، بھونگیر یادادری،وقارآباد، میدک اورکاما ریڈی میں گرج چمک، 30 تا 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواوں کیساتھ شدید اور موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔

ریاست میں جاری بارش کے باعث کئی اضلاع میں ندیاں،تالاب  اور پراجکٹ لبریز  ہوگئے ہیں اور مزید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے اضلاع کے ضلع کلکٹران ضلع ایس پیز اور متعلقہ عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔

کل 4 اگست کو حیدرآباد میں ہونے والی بارش، مختلف مقامات کے مناظر 

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/744876447950949

کونڈا پور فلائی اوور بریج پر سیلابی پانی کا منظر 

 

HyderabadRains#

TelanganaRains#