بی آر ایس آئندہ انتخابات میں حلقہ اسمبلی تانڈور سےمجھے ہی ٹکٹ دے گی: ایم ایل سی ڈاکٹر مہیندر ریڈی کا دعویٰ

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

بی آر ایس آئندہ انتخابات میں حلقہ اسمبلی تانڈور سے مجھے ہی ٹکٹ دے گی
تانڈور کی ترقی کے لیے میری نمائندگی پر ہی کروڑہا روپئے منظور کیے گئے تھے
ایم ایل سی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر مہیندر ریڈی کی پریس کانفرنس

وقارآباد/تانڈور: 11۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ایم ایل سی متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ ڈاکٹر  پی۔مہیندر ریڈی نے آج دوبارہ دعویٰ کیاہے کہ آئندہ انتخابات میں وہ حلقہ اسمبلی تانڈور سے بھارت راشٹراسمیتی(بی آرایس،سابق ٹی آر ایس) کے ٹکٹ پر وہی مقابلہ کریں گے اوراس میں شبہ کی گنجائش نہیں ہے،کیونکہ پارٹی ہائی کمان کی پہلی ترجیح بھی وہی ہوں گے۔انہوں نےریمارک کیاکہ حلقہ اسمبلی تانڈور کو کوئی بھی آسکتے ہیں اور جاسکتے ہیں،اس سے کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے۔

وہ آج پدیمول منڈل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔جس میں پارٹی کے سینئر قائد کرنم پرشوتم راؤ،سابق صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس عبدالرؤف اور دیگر موجود تھے۔

ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی انہیں ہی ٹکٹ دے گی اور وہی مقابلہ کریں گے۔انہوں نے اپنے حامیوں اور پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس معاملہ میں کسی بھی شک و شبہ کا شکار نہ ہوں اور متحد رہ کر عوام کے درمیان خدمات انجام دیتے رہیں۔

ایم ایل سی ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے کہا کہ جب سے وہ ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں پارٹی کی کامیابی کے علاوہ ہر محاذ پر آگے ہیں۔اور انہیں وزیراعلیٰ کے سی آر اور ان کی قیادت پرمکمل بھروسہ ہے۔اور وہ سابق میں بحیثیت وزیر ٹرانسپورٹ اور اب رکن قانون ساز کونسل بہترین اور بے داغ خدمات کا ایک ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر قائد، وزیر ٹرانسپورٹ اوراب رکن قانون سازکونسل کی حیثیت سے انہوں نے حلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔

ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے کہا کہ ان کےبحیثیت وزیر ٹرانسپورٹ و رکن اسمبلی تانڈور حکومت سے موثر نمائندگی کے باعث 200 کروڑ روپئے سے زائد منظورہ فنڈس سے ہی ترقیاتی کاموں کی تکمیل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی نمائندگی پر ہی ریاستی حکومت نے تانڈور۔وقارآباد سڑک کی توسیع اور تعمیر کے لئے 60 کروڑ روپئے، تانڈور میں آؤٹر رِنگ روڈ کی تعمیر کے لیے 100 کروڑ روپئے جاری کیے تھے جس کا عنقریب آغاز ہوگا اور حلقہ اسمبلی تانڈور کی کاگنا ندی پر جدید پل کی تعمیر کے لیے 14 کروڑ روپئے کےعلاوہ دیگر ندیوں اور نالوں پر پلوں کی تعمیر کےلیے بھی بڑی تعداد میں فنڈس جاری کیے گئے تھے۔

ایم ایل سی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے یاد دلایا کہ بحیثیت وزیر ٹرانسپورٹ ان کی نمائندگی پر ہی تانڈور میں دوعلحدہ علحدہ اقلیتی اقامتی اسکول (برائے طلبا و طالبات) کی عمارتوں کی تعمیر کے لئے بھی 36 کروڑ روپئے منظور کیے گئے تھے ۔جن میں سے ایک عمارت کا افتتاح حال ہی میں ہوچکا ہے اور ایک اسکولی عمارت کا افتتاح جلد ہی عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ان کی اولین ترجیح تانڈور کی مزید بہتر ترقی ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جو موجودہ سیاسی حالات ہیں ان سے عوام بخوبی واقف ہیں۔اور ایسے حالات میں انہیں مکمل یقین ہے کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی قیادت انہیں اپنا امیدوار بنائے گی۔

اس پریس کانفرنس میں ایم ایل سی متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے اعلان کیا کہ وہ ماہ جنوری سے حلقہ اسمبلی تانڈور کے تمام مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے راست ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے۔

اس پریس کانفرنس میں سابق صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی تانڈور وڈے سرینواس،پی اے سی ایس چیئرمین روی گوڑ، صدر سرپنچ سنگھم بلونت ریڈی کے علاوہ تانڈور اور پدیمول منڈل کے دیگر پارٹی قائدین موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے