تانڈور کی مزید بے مثال ترقی ہی اولین ترجیحات میں شامل، رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کا صحافیوں کے ساتھ خیر سگالی اجلاس

تانڈور کی مزید بے مثال ترقی ہی اولین ترجیحات میں شامل
کروڑہا روپئے مالیتی مختلف ترقیاتی و بہبودی کاموں کی تکمیل
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کا صحافیوں کے ساتھ خیر سگالی اجلاس

وقارآباد/تانڈور:14؍اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہاہےکہ تانڈور کی مزید بے مثال ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران حلقہ اسمبلی تانڈور میں کروڑ ہا روپئے کے فنڈس سےمختلف ترقیاتی کام انجام دئیے گئے ہیں اور ساتھ ہی کروڑہا روپئے کے مصارف سے عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کی انجام دہی عمل میں لائی گئی ہے۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی تانڈور، وقار آباد ضلع آج ہفتہ کے دن تانڈور کے سری درگا گرانڈئیور میں مقامی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کےساتھ منعقدہ خیرسگالی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس اجلاس میں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے ایک گھنٹہ کے خطاب میں گزشتہ پانچ سال دوران ان کی قیادت میں تانڈور کی ترقی کے لیے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران اور بعد میں ان کی جانب سے کیے گئے وعدوں اور اعلانات کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ ان کے انتخاب سے قبل تانڈور میں زیرالتواء رنگ روڈ، بائی پاس روڈاورسڑکوں کی توسیع کے کاموں میں سرعت پیدا کی گئی ہے۔اور تانڈور میں شعبہ طب اور تعلیم سے متعلق مسائل کے علاوہ روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تانڈور میں موجود گورنمنٹ ضلع ہسپتال اور مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کو ترقی دی گئی ہے۔اس سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ بھی رکن اسمبلی نے جاری کی۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے صحافیوں کے ساتھ خیر سگالی ملاقات پرمشتمل اجلاس اپنے خطاب میں کہا کہ تانڈور میں نرسنگ کالج کے قیام،کاگناندی میں چیک ڈیموں کی تعمیر، آئی ٹی آئی کالج کا قیام، انڈسٹریل پارک کے قیام، مینارٹی کمیونٹی ہال،بنجارہ بھون،بی سی بھون اور کرسچین بھون کےحصول اور ان کی تعمیر کےلیے سنگ بنیاد رکھے گئے ہیں اور موجود اردو گھر و شادی خانہ کی تزئین نو کے لیے رقمی منظوری عمل میں لائی گئی ہے۔جبکہ اسمبلی حلقہ کےتمام منڈلات اور مواضعات میں سڑکوں کی تعمیر،بہتر برقی سربراہی ،پلوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ان کے پانچ سالہ دؤر میں ساتھ ہی حکومت کی اسکیمات آسراء اسکیم،رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ،گروہا لکشمی،مینارٹی بندھو،کے سی آرکٹس،کنتی ویلگو، شاید مبارک،کلیانہ لکشمی،دلت بندھو، بی سی بندھو،بھیڑ بکریوں کی تقسیم جیسی تمام اسکیمات پر حلقہ اسمبلی تانڈور میں بھی سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صد فیصد عمل آوری کو یقینی بنایا گیا اور اس کے فوائد تمام طبقات کو حاصل ہوئے۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کےکاموں کی انجام دہی کےلیے حاصل شدہ فنڈس کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ پانچ سال کے دوران تانڈور ٹاؤن کے لیے 1191 کروڑ 86 لاکھ روپئے،تانڈور منڈل کے لیے 236 کروڑ 14 لاکھ روپئے اس کے علاوہ یالال،بشیر آباد اور پدیمول منڈل کے لیے بھی فنڈس حاصل کیے گئے۔

رکن اسمبلی نے انکشاف کیا کہ پانچ سال کے دوران حلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی کے لیے جملہ 1672 کروڑ 49 لاکھ روپئے اور 1648 کروڑ 12 لاکھ روپئے فلاحی کاموں پر صرف کیے گئے۔رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ انتخابات کے بعد تانڈور کی مزید مثالی ترقی کے لیے وہ خود کو وقف کردیں گے۔

پائلٹ روہت ریڈی نے کانگریس اور بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے عین قبل یہ جماعتیں مختلف وعدوں اور اعلانات کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ تانڈور کے عوام ان پر یقین نہیں کریں گے کیونکہ ان کی خدمات عوام کے سامنے ہیں۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ 15 اکتوبر کو وزیراعلیٰ کے سی آر، بی آر ایس پارٹی کے انتخابی منشور جاری کریں گے اور 16 اکتوبر سے وہ باقاعدہ عوام سے راست ملاقات کریں گے۔رکن اسمبلی نے مقامی صحافیوں کے مسائل کےحل کا بھی تیقن دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ پریس کلب کے قیام، صحافیوں کو اراضیات اور ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

اس اجلاس میں بی آر ایس پارٹی قائدین کرنم پرشوتم راؤ،سری شیل ریڈی،غاضی پور نارائن ریڈی،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو، ارکان بلدیہ شوبھا رانی،نیرجا بال ریڈی،سابق ارکان بلدیہ محمد عرفان،سید زبیر لالہ، ایم اے سلیم، محمد امتیاز بابا، پٹلولا نرسملو،سرینواس چاری ،سدرالہ سرینواس اور دیگر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں "

دبئی۔کوچی فلائٹ میں سفر کرنے والی ماں کی آنکھیں خوشی سے چھلک گئیں، جب اچانک معلوم ہوا کہ فلائٹ کا پائلٹ خود اس کا بیٹا ہے

 

کبھی کسی کو مکمل جہاں نہیں ملتا
کہیں زمیں تو کہیں آسماں نہیں ملتا

نامور شاعر و گیت کار ندا فاضلی کے یوم پیدائش پر خصوصی مضمون

ویڈیوز اور مضمون اس لنک پر ⬇️

کبھی کسی کو مکمل جہاں نہیں ملتا ، نامور شاعر و گیت کار ندا فاضلی کے یوم پیدائش پر خصوصی مضمون