سعید آباد میں 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کامجرم مفرور ہے،ریاستی وزیر کے ٹی آر اپنے ٹوئٹ سے دستبردار

سعید آباد میں 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کا مجرم ہنوز مفرور ہے
ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر اپنے ٹوئٹ سے دستبردار،کیا افسوس کا اظہار

حیدرآباد:15۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے سعید آباد علاقہ کی سنگارینی کالونی میں 9 ستمبر کو ایک 6 سالہ معصوم لڑکی کو اس کے پڑوسی پلاکونڈاراجو (30سالہ) نے اپنے مکان میں عصمت ریزی کرتے ہوئے قتل کردیا تھا اور قتل کے بعد اس معصوم لڑکی کی لاش کو بوریہ میں لپیٹ کر اپنے مکان کو مقفل کرکے فرار ہوگیا تھا۔

اس واقعہ کے خلاف ساری ریاست میں موم بتی مارچ کے ساتھ احتجاج کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بشمول سیاستدانوں کے اہم شخصیتوں اور سوشل میڈیا کے صارفین کی بڑی تعداد اس واقعہ میں ملوث راجو کے انکاؤنٹر کا مطالبہ کر رہی ہے۔

11ستمبر کو میڈیا کے ایک گوشہ میں ایسی اطلاعات عام ہوئی تھیں کہ اس واقعہ کے ملزم راجو کو پولیس نے بھونگیریادادری ضلع میں گرفتار کرلیا ہے جہاں وہ روپوش ہوا تھا۔میڈیا کے چند گوشوں میں 12 ستمبر کو باوثوق ذرائع سے یہ خبر شائع بھی کی گئی تھی۔

اسی دؤران کل 14 ستمبر کو کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس انجنی کمار نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حیدرآباد کے سعید آباد علاقہ میں 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ میں ملوث پلا کونڈا راجو ہنوز مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے اس کا پتہ بتانے اور اس کے متعلق اطلاعات فراہم کرنے والوں کو دس لاکھ روپئے کا انعام دیا جائے گا۔

اسی دؤران ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راماراؤ نے 12 ستمبر کو سہء پہر 3 بج کر 40 منٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ” سعید آباد کی سنگارینی کالونی میں ایک 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور اس کے بہیمانہ قتل کی اطلاع سے انہیں بہت دکھ ہوا ہے جبکہ مجرم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے اسی ٹوئٹ میں ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی اور ریاستی ڈی جی پی ایم۔مہندرریڈی کو ٹیگ کرتے ہوئے درخواست کی تھی کہ اس معاملہ میں متاثرین کو جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے "۔

 

‘” ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کی جانب سے 12 ستمبر کو کیا گیا ٹوئٹ

ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے 14 ستمبر کی رات 9 بج کر 6 منٹ پر اپنے 12 ستمبر والے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” میں اپنے اس ٹوئٹ کو درست کرنا چاہتا ہوں،مجھے یہ غلط اطلاع دی گئی تھی کہ مجرم کو گرفتار کرلیا گیا ہے،اور اس غلط بیانی پر مجھے افسوس ہے اور اس مفرور ملزم کو پکڑنے کے لیے حیدرآباد پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر چھاپے مارے جارہے ہیں”۔

" ریاستی وزیر کے ٹی آر کی جانب سے 14 ستمبر کی رات کیا گیا وضاحتی ٹوئٹ ” 

ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اپنے اس ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ” آئیے ہم سب اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کریں کہ اسے پکڑا جائے اور اسے جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ” ۔