معاشی بحران کا شکار”حیدرآباد میٹرو ریل” کی مدد کی جائے گی،خدمات میں مزید توسیع کی ضرورت: چیف منسٹر کے سی آر

ریاستی خبریں

معاشی بحران کا شکار” حیدرآباد میٹرو ریل” کی مدد کی جائے گی،خدمات میں مزید توسیع کی ضرورت
ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل،جلد رپورٹ دینے چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت

حیدرآباد:15۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے تیقن دیا ہے کہ کورونا وباء کے باعث میٹرو ریل خدمات کے بند رہنے کی وجہ سے حیدرآباد میٹرو جن معاشی مشکلات اور نقصانات سے گزر رہا ہے اس کو سنبھالنے کے لیے تمامتر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

چیف منسٹر نے کہا کہ معاشی طور پر نقصانات کا شکار میٹرو حیدرآباد کی مدد کرنے کے لیے ایل اینڈ ٹی کمپنی کے اعلیٰ عہدیدارمستقل نمائندگی کررہے ہیں انہوں نے تیقن دیا کہ کورونا وباء کے نقصانات کو کم کرنے اور میٹرو ٹرین کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے حکومت انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی۔

منگل کے روزمیٹرو ریل حیدرآباد کے ایل اینڈ ٹی کمپنی کے عہدیداروں نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ سے ملاقات کی اور چیف منسٹر کو کورونا وباء کے باعث میٹرو کو ہونے والے مالی نقصانات،بینکس کے قرضہ جات اور دن بہ دن ان قرضوں پر بڑھتے بینکس کے سود سے متعلق واقف کروایا اور نمائندگی کی کہ ایسے حالات میں میٹرو حیدرآباد کی مدد کی جائے۔

Pictures Courtesy: Telangana CMO, Twitter Handle

اس موقع پر چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ میٹرو ٹرین سرویس نے حیدرآباد میں مسافرین کے محفوظ سفر کو یقینی بناتے ہوئے عوامی مقبولیت حاصل کی ہے۔

چیف منسٹر نے کہا کہ کورونا وباء کے دؤران تمام شعبہ جات شدید متاثرہوئے ہیں جس میں میٹرو حیدرآباد بھی شامل ہے انہوں نے کہا کہ تیزی کے ساتھ ترقی کررہے حیدرآبادکے لیے میٹرو ریل کی شدید ضرورت ہے اور شہر کی وسعت کے ساتھ ساتھ میٹروریل کی خدمات کو بھی مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے باعث میٹرو ریل کا بینکس کے قرضوں اور سود در سود کی رقم میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے ان عہدیداروں کو تیقن دیا کہ جس طرح ریاستی حکومت نے مختلف شعبہ جات کی مدد کی ہے اسی طرح تاریخی میٹرو سرویس کی بھی مدد کو یقینی بنائے گی۔

Picture Courtesy : L&T IDPL

 

اور کن کن طریقوں سے میٹرو حیدرآباد کو اس معاشی بحران سے باہر نکالا جائے اس پر بھی غور کیا جائے گا،تمام ممکنات اور ناممکنات پر بھی ریاستی حکومت غور کرے گی۔ چیف منسٹر نے ان عہدیداروں کو عوامی سہولت کو سامنے رکھتے ہوئے تمام زاویوں سے غور کرنے کے بعد فیصلہ لینے کا بھی تیقن دیا۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے اعلان کیا کہ اس کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے اور اس کمیٹی میں ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راماراؤ،وزیر عمارات و شوارع پرویمولہ شانت ریڈی،حکومت کے خصوصی صلاح کار راجیو شرما، چیف سیکریٹری سومیش کمار، چیف منسٹر کے پرنسپل سیکریٹری نرسنگ راؤ،اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ فینانس راما کرشنا راؤ،ایم اے یو ڈی اسپیشل چیف سیکریٹری اروند کمار اور سیکریٹری محکمہ صنعت جئیش رنجن شامل رہیں گے۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے اس کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ میٹرو ریل کو نقصانات سے باہر نکالنے کے لیے کونسے اقدامات ضروری ہیں اس کا جائزہ لیتے ہوئے جلد ہی انہیں ایک رپورٹ حوالے کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے