تلنگانہ کے کالیشورم یا پالمور پراجکٹ کو قومی درجہ دیا جائے
ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا
حیدرآباد: 03۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
اب جبکہ دھان کی خریدی کے مطالبہ کو لے کر حکومت تلنگانہ اور مرکزی حکومت کے درمیان ٹکراؤ کی کیفیت جاری ہے۔ایسے میں آج ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راماراؤ (کے ٹی آر ) نے ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔
ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے۔تارک راما راؤ نے اپنے اس ٹوئٹ میں وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیاگ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے کالیشورم پراجکٹ یا پھر پالمور لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کو قومی درجہ دیا جائے۔
ساتھ ہی اپنے اس ٹوئٹ میں ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راماراؤ نے یاد دہانی کروائی ہے کہ ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کالیشورم پراجکٹ یا پالمور لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کو قومی درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بارہا مرتبہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت سے نمائندگی کرچکے ہیں لیکن مرکزی حکومت اس مطالبہ کو ہمیشہ نظرانداز کرتی آرہی ہے۔
اپنے اس ٹوئٹ میں انگریزی کے دکن ہیرالڈ اور دی ہندو اخبار کے ویب سائٹس کے کلپس کے ساتھ ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راماراؤ نے لکھا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی نمائندگی کے دؤران مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کے پولاورم پراجکٹ اور کرناٹک کے اپر بھدرا پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دے دیا۔
اپنے اس ٹوئٹ میں ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے وزیراعظم نریندرمودی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی قیادت میں 6 ڈسمبر کو منعقد ہونے والے ہائپر پاور اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں تلنگانہ کے کالیشورم پراجکٹ یا پالمور لفٹ ایرگیشن پراجکٹ کو قومی درجہ دئیے جانے کے لیے مثبت غور کیا جائے۔

