افریقی ملک مالی کی خاتون حلیمہ سیسی نے مراقش میں 9صحتمند بچوں کو جنم دیا

بین الاقوامی خبریں

افریقی ملک مالی کی خاتون حلیمہ سیسی نے مراقش میں 9صحتمند بچوں کو جنم دیا

مراقش:05۔مئی (سحرنیوزڈیسک/ایجنسیز)

افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے مراقش کے ایک ہسپتال میں 9 بچوں کو جنم دیا ہے جن میں پانچ لڑکیاں اور چار لڑکے شامل ہیں اور تمام نومولود صحت مند بتائے جاتے ہیں۔ جبکہ ڈاکٹرس نے اسکیان کے بعد کہا تھا کہ یہ خاتون سات بچوں کو جنم دیں گی لیکن ان کی اسکیان رپورٹ غلط ثابت ہوئی!

حلیمہ سیسی نامی 25 سالہ اس خاتون کو مالی کی حکومت نے 30 مارچ کو بہتر علاج ومعالجہ کی غرض سے مراقش روانہ کیا تھا تا کہ وہاں ان کی صحت کی بہتر دیکھ بھال کیساتھ زچگی میں کوئی مشکلات پیش نہ آئیں۔ منگل کو حلیمہ سیسی نے کامیاب آپریشن کے بعد 9 بچوں کو جنم دیا۔ایک ساتھ9 صحت مند بچوں کو جنم دینا غیر معمولی ہے کیونکہ ایسے واقعات شاذ ونادر ہی پیش آتے ہیں۔

وزارتِ صحت مراقش کے ترجمان رشید کودھاری کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اب تک ایسی کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ہے کہ اس سے قبل مراقش کے کسی ہسپتال میں ایک خاتون سے اتنے بچوں کی پیدائش ہوئی ہو۔

وزیر صحت مالی کی ِ فانٹا سیبی نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ حلیمہ سیسی کیساتھ مراقش جانے والی مالی کی ڈاکٹر نے انہیں اطلاع دی ہے کہ حلیمہ سیسی اور تمام نومولود 9 بچے صحت مند ہیں۔

فانٹا سیبی نے بتایا کہ چند ہفتوں کے بعد حلیمہ سیسی اور بچوں کو واپس مالی لایا جائے گا۔مقامی میڈیا کی اطلاع کے بموجب مالی کے ڈاکٹرس کو حلیمہ سیسی کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کے زندہ رہنے کے امکانات پر تشویش لاحق تھی۔

حلیمہ سیسی کو مالی کے دارالحکومت باماکو کے ہسپتال میں رکھنے کے بعد 30 مارچ کو مراقش روانہ کردیا گیا تھا جہاں پانچ ہفتہ قیام کے بعد حلیمہ سیسی نے 9 بچوں کو جنم دیا۔

فانٹا سیبی نے مالی اور مراقش کے ڈاکٹرس اور ہسپتال انتظامیہ کیساتھ ساتھ طبی عملہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے حلیمہ سیسی کا آپریشن کامیاب ہوا اور 9 بچوں نے جنم لیا جوصحت مند ہیں۔

حلیمہ سیسی کے شوہر اڈجوڈنٹ قادر عربی جو کہ اپنی ایک لڑکی کیساتھ مالی میں ہی مقیم ہیں نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ان کی بیوی حلیمہ سیسی اور 9 نومولود صحت مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کی نوازش ہے اور وہ بچوں کی کفالت کو لیکر ہرگز پریشان یا فکر مند نہیں ہیں۔

سال 2009ء میں ایک امریکی خاتون نے ایک ہی زچگی میں 8 بچوں کی پیدائش کے ذریعہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے