مہاراشٹراکے وزیر نواب ملک ای ڈی کے ہاتھوں گرفتار، داؤد ابراہیم اور انڈر ورلڈ سے منی لانڈرنگ کا الزام

مہاراشٹراکے وزیر نواب ملک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ہاتھوں گرفتار
داؤد ابراہیم اور انڈر ورلڈ سے منی لانڈرنگ کا الزام

ممبئی:23۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

مہاراشٹرا کے کابینی وزیر اقلیتی بہبود و وقف بورڈ و سینئر سیاسی رہنما مسٹر نواب ملک کو آج باقاعدہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 
نواب ملک کو آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ممبئی انڈر ورلڈ،مفرور گینگسٹر داؤد ابراہیم اور اس کے معاونین کی سرگرمیوں سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔

مہارشٹرا کے وزیر اقلیتی بہبود و وقف بورڈ نواب ملک جو کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان بھی ہیں دو ماہ قبل اس وقت بہت زیادہ سرخیوں میں آئے تھے تب انہوں نے اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آرین خان کی ممبئی۔گوا کروز پر منشیات کے الزامات کے ساتھ گرفتاری کے بعد یہ تہلکہ خیز انکشاف کیا تھا کہ یہ کارروائی فرضی ہے جو کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو ممبئی کے زونل ڈائرکٹر سمیر وانکھیڈے کی جانب سے تیار کی گئی ہے بعد ازاں نواب ملک نے متعدد مرتبہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سمیر وانکھیڈے اور دیگر پر کئی سنسنی خیز الزامات عائد کیے تھے۔یہ معاملہ عدالت تک پہنچا تھا جو کہ اب بھی زیر دؤراں ہے۔

15 فروری کو ای ڈی نے 10 مقامات پر دھاوے منظم کیے تھے جن میں موسٹ وانٹیڈ داؤد ابراہیم کی مرحومہ بہن حسینہ پارکر،بھائی اقبال کاسکر اور گینگسٹر چھوٹا شکیل کے بہنوئی سلیم قریشی عرف سلیم فروٹ کے مقامات بھی شامل تھے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسی معاملہ میں داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔میڈیا ذرائع کے مطابق جاریہ تحقیقات کے دوران نواب ملک کی جانب سے خریدی گئی جائیداد سے متعلق کچھ شواہد سامنے آئے ہیں۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عہدیدار آج صبح 6 بجے 62 سالہ وزیر نواب ملک کے گھر پہنچے جہاں ان سے ایک گھنٹہ تک پوچھ تاچھ کی گئی۔بعدازاں انہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر لایا گیا اور زائد از 8 گھنٹوں تک ان سے دوبارہ پوچھ تاچھ کی گئی۔اس کے بعد ان کی باقاعدہ گرفتاری کا اعلان کیا گیا۔ذرائع کے مطابق نواب ملک سے گینگسٹر داؤد ابراہیم کے ساتھیوں کے ساتھ مبینہ لین دین اور ان کے ساتھ زمین کے سودے پر پوچھ گچھ کی گئی۔میڈیا ذرائع کے مطابق ای ڈی نے کہا کہ اس دؤران انہوں نے تحقیقات میں تعاون نہیں کیا۔

نواب ملک نے  تحقیقاتی ایجنسی کے دفتر سے باہر نکلتے ہوئے وہاں منتظر میڈیا نمائندوں کے سامنے اپنی مٹھی ہوا میں لہراتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جھکیں گے۔”ہم لڑیں گے اور جیتیں گے اور سب کو بے نقاب کریں گے۔”۔اس کے بعد ای ڈی کے عہدیداروں نے ایک گاڑی میں ان کی طبی جانچ کروانے کی غرض سے لے گئے۔

نواب ملک کے خلاف الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے این سی پی کے سربراہ مسٹر شرد پوار نے کہا کہ داؤد ابراہیم سے جوڑنا کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا ایک آسان طریقہ ہے۔انہوں نے کہا ” میں ان کے خلاف کیس کے بارے میں نہیں جانتا لیکن داؤد ابراہیم کا نام ہمیشہ حریفوں کو بدنام کرنے کی کوشش کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔” مسٹر شرد پوار نے دعویٰ کیا کہ جب وہ ریاست کے وزیراعلیٰ تھے تو ان پر انڈرورلڈ کے ساتھ تعلقات رکھنے کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا”25 سال بعد،ہراساں کرنے اور بدنام کرنے کے لیے وہی چال چلی جارہی ہے۔”

وہیں شیوسینا کے رکن راجیہ سبھا سنجے راوت اور شرد پوار نے مرکزی ایجنسیوں کا سیاسی طور پر استعمال کیا جارہا ہے اور دعویٰ کیا کہ جو بھی مرکز اور اس کی جانچ ایجنسیوں کے خلاف بولتا ہے اسے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ آج گرفتار شدہ مہاراشٹرا کے وزیر اقلیتی بہبود و وقف بورڈ نواب ملک کے داماد سمیر خان کو بھی گزشتہ سال نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ممبئی یونٹ نے منشیات کے ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔