مدھیہ پردیش میں کوویڈ سے فوت شخص کی نعش ایمبولنس سے گرگئی

قومی خبریں

مدھیہ پردیش میں کوویڈ سے فوت شخص کی نعش ایمبولنس سے گرگئی

بھوپال:23۔اپریل(سحر نیوزڈیسک)

ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا وائرس کے متاثرین اور فوت ہونے والوں کے رشتہ داروں کی ہاہا کار مچی ہوئی ہے۔ کئی ریاستوں میں آکسیجن ، ادویات اور اینٹی وائرل ڈرگ Remdesivir کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔وہیں حکومتوں اور انتظامیہ کی لاپرواہی عوام کیلئے شدید مصیبتوں کا باعث بن رہی ہیں۔

دو دن قبل مہاراشٹرا کے ناسک کے ڈاکٹر ذاکر حسین ہسپتال کے باہر ٹینکر سے دو گھنٹوں تک آکسیجن سپلائی متاثر ہونے کے باعث ہسپتال کے اندر زیر علاج 22 مریضوں کی افسوسناک طورپر موت واقع ہوگئی جبکہ اس ہسپتال میں 23 مریض وینٹی لیٹر تھے۔ملک کے دیگر مقامات سے بھی آکسیجن اور ادویات کی قلت کے باعث اموات کی اطلاعات ہیں!

وہیں مہاراشٹرا کے ہی پال گھر کے ویرار کے ایک ہسپتال میں آج صبح آگ لگ جانے سے 13 کورونا مریضوں کی موت واقع ہوگئی۔

جبکہ سوشیل میڈیا پرکئی ایسے ویڈیو زیر گشت ہیں جن میں ہسپتالوں کے باہر کورونا متاثرین کیساتھ انکے روتے بلکتے رشتہ دار ہسپتالوں میں شریک کرلینے کی اپیل کرتے ہوئے گڑگڑارہے ہیں۔

اسی دؤران مدھیہ پردیش کا ایک ایسا انتہائی دلخراش اور انسانیت کو شرمندہ کردینے والا ویڈیو آج سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس سے وہاں کے انتظامیہ، ہسپتالوں اور ایمبولنس گاڑیوں کی شکستہ حالت کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔

آج مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال سے 57 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود وڈیشا ڈسٹرکٹ ہسپتال کے باہر پیش آنیوالے ایک روح فرسا واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جسے انتظامیہ کی نااہلی کا بین ثبوت کہا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہسپتال سے ایک کورونا وائرس سے مرنے والے شخص کی نعش ایمبولنس کے ذریعہ منتقل کی جارہی تھی ایمبولنس جونہی ہسپتال کے گیٹ سے سڑک پر آئی ایمبولنس کا شیشہ ٹوٹ جانے کے باعث اس یمبولنس میں سے ایک نعش وہاں کھڑی ہوئیں گاڑیوں پر سے ہوتے ہوئےسڑک پر گر گئی۔

وہاں موجود گاڑی سواروں کی چیخ وپکارکے بعد ڈرائیور نے ایمبولنس روک دی یہ منظر دیکھ کر عوام دؤڑ پڑی ایمبولنس کے اندر ایک پی پی ای کٹ پہنا ہوا شخص نظرآرہا تھا۔متوفی شخص کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ انہیں بناء کسی اطلاع دئیے ہی نعش کو ایمبولنس کے ذریعہ منتقل کررہا تھا۔

اس دلدوز واقعہ کا ویڈیو جسے ہم نے احتیاطً Blur کردیا ہے:-

دوسری جانب مدھیہ پردیش میں اندرون 24 گھنٹے 12,384 کوویڈ کیس ریکارڈ ہوئے ہیں اور 75 متاثرین کی موت واقع ہوئی ہے۔
اس طرح مدھیہ پردیش میں جملہ 4لاکھ 59 ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔اورمدھیہ پردیش کے اضلاع کے کئی ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت پائی جاتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے