پاکستان کے ایدھی فاؤنڈیشن نے کی ہندوستان کو مدد کی پیشکش ،وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کیا

پاکستان کے ایدھی فاؤنڈیشن نے کی ہندوستان کو مدد کی پیشکش،وزیراعظم نریندرمودی کو مکتوب روانہ کیا

سحر نیوز ڈیسک 23۔اپریل

ہندوستان میں جاریہ کورونا وائرس کی دوسری لہرمیں بڑی تعداد میں عوام کے متاثر ہونے اور کوروناوائرس سے ہونے والی اموات کے دؤران پاکستان کے مشہور عبدالستارایدھی فاؤنڈیشن نے ہندوستان کو مدد کی پیشکش کی ہے۔

مینجنگ ٹرسٹی عبدالستار ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے وزیر اعظم نریندرمودی کو لکھے گئے ایک مکتوب میں لکھا ہے کہ ہندوستان میں جاری کوویڈوباء اور اسکے عوام پر پڑنے والے اثرات پر ہماری گہری نظر ہے اور ہمیں بیحد افسوس ہے کہ کورونا وائرس کے بہت زیادہ اثرات آپ کے ملک پر پڑ رہے ہیں اور اس سے بہت بڑی تعداد میں عوام متاثر ہورہے ہیں۔

اس مکتوب میں مینجنگ ٹرسٹی عبدالستار ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے لکھا ہے کہ بحیثیت پڑوسی دوست ہماری ساری ہمدردیاں اور نیک تمنائیں آپ کے ملک کیساتھ ہیں اور ایسے نازک حالات میں ہم ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے تمام درکاری خدمات کیساتھ 50 ایمبولنس گاڑیوں اور ایمرجنسی عملہ کیساتھ آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

اور آئندہ کی امداد حالات کے پیش نظر ہوگی مینجنگ ٹرسٹی عبدالستار ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کی جانب سے وزیر اعظم نریندرمودی کے نام موسومہ اس مکتوب میں میں لکھا گیا ہے کہ ہماری تنظیم صورتحال کی سنگینی کو سمجھتی ہے ، اور ہم آپ کو کسی بھی قسم کی تکلیف کے بغیر آپ کو اپنا مکمل تعاون فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ہم ان تمام ضروری سامانوں کا بندوبست کریں گے جو ہماری ٹیم کو ہندوستانی عوام کی مدد کے لیے درکار ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ہم آپ سے کسی اور امداد کی درخواست نہیں کررہے ہیں ، کیونکہ ہم ایندھن ، کھانا اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کررہے ہیں جس کی ہماری ٹیم کو ضرورت ہوگی۔ ہماری ٹیم ہنگامی طبی ٹیکنیشنز ، آفس عملہ ، ڈرائیوروں اور معاون عملہ پر مشتمل ہوگی۔

عبدالستار ایدھی بانی ایدھی فاؤنڈیشن۔

اس مکتوب میں مینجنگ ٹرسٹی عبدالستار ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے وزیر اعظم نریندرمودی کو لکھا ہے کہ ہمیں ہماری اس درخواست پر آپ کے جواب کا انتظار ہے اور آپ کی اجازت کے بعد ہی ہم ہندوستان پہنچیں گے اور مقامی انتظامیہ اور پولیس کی رہنمائی میں ہم اپنی خدمات انجام دیں گے اور ہماری ٹیم مکمل طورپر اس بات کیلئے تیار ہے کہ کسی بھی علاقہ میں بناء کسی تکلیف کہ ہم ہماری خدمات انجام دیں گے۔

اس مکتوب میں فیصل ایدھی نے موجودہ حالات میں بہتری کیلئے انسانیت کی بنیاد پر آپ کے ساتھ مل کرانسانی خدمت انجام دینا چاہتے ہیں
چاہے وہ کسی بھی قسم سے تعلق رکھتی ہو ہم ایسے حالات میں ہندوستانی عوام کی مدد کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ پاکستان کے اسی ایدھی فاؤنڈیشن نے 2015ء میں پاکستان پہنچی یتیم ہندوستانی لڑکی گیتا کی وطن واپسی میں اس سے قبل ہندوستان کی مدد کی تھی۔ گیتا سرحد کے اس پار گم ہوچکی تھی اور اسے کراچی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے صدر دفتر میں پناہ دیتے ہوئے کئی سال تک اسی کے مذہب پر قائم رکھا تھا

پاکستان کے مدرٹریسا کا خطاب رکھنے والے عبدالستار ایدھی غیرمنقسم ہندوستان کے گجرات میں پیدا ہوئے تھے جن کا 2016ء میں انتقال ہوا۔ عبدالستار ایدھی خدمت خلق کے شعبہ میں پاکستان اور دنیا کی جانی مانی شخصیت تھے، جو پاکستان میں ایدھی فاؤنڈیشن کے تاحیات صدر رہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کی شاخیں تمام دنیا میں پھیلی ہوئی ہیں۔

عبدالستارایدھی اور ایدھی فاؤنڈیشن کی بے لوث انسانی خدمات پر کئی بین الاقوامی اور پاکستانی ایوارڈس حاصل ہوچکے ہیں۔1997ء گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروس ہے۔