تانڈور کی ایک جیولری شاپ سے سونا کے زیور پرمشتمل خاتون ٹیچر کے پرس کا سرقہ
وقارآباد/تانڈور: 14۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
ضلع وقارآباد کے تانڈور میں موجو د ایک جیولری شاپ سے ایک خاتون کا پرس نامعلوم افراد نے اڑالیا جس میں سونا کے زیور موجود تھے۔
متاثرہ خاتون کلپنا جو کہ سبھاش نگر تانڈور کی ساکن ہیں اور کرنکوٹ کے سرکاری اسکول میں بحیثیت ٹیچر خدمات انجام دیتی ہیں نے اس سرقہ کی شکایت پولیس میں درج کروائی ہے۔
کلپنا کے مطابق وہ آج اپنے پاس موجودایک تولا تین گرام سونا کے زیور تبدیل کرنے کی غرض سے مزید دو پرس اپنے ساتھ لے کر گاندھی چوک علاقہ میں موجو دایک جیولری شاپ پہنچیں۔

وہاں زیور پسند نہ آنے پر ایک اور قریبی جیولری کی دکان پر گئیں تاہم کلپنا اپنا زیور والا پرس پہلی دُکان پر بھول گئیں جب انہیں یاد آیا تو وہ فوری اس جیولرشاپ پر پہنچیں تاہم اس وقت تک وہاں ان کا پرس موجود نہیں تھا جیولرشاپ والوں سے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ ایسا کوئی پرس انہوں نے نہیں دیکھا۔
اپنے زیور کے سرقہ سے پریشان ٹیچر کلپنا نے بتایا کہ مسروقہ پرس میں موجود سونا کے زیور کی مالیت زائداز 70,000 روپئے ہے۔
بعد ازاں انہوں نے تانڈور پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی ہے۔پولیس نے مذکورہ جیولری شاپ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے تحقیقات میں مصروف ہے۔