وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا دؤرہ پرگی،کانگریس کا احتجاج،کانگریسی قائدین کی گرفتاری
دلت بندھو اسکیم کو پوری ریاست میں نافذ کرنے اور ایس ٹی،بی سی بندھو اسکیم کے اعلان کا مطالبہ
وقارآباد/تانڈور : 14۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
مسز پی۔سبیتا اندراریڈی ریاستی وزیرتعلیم کے آج دورہ پرگی کے موقع پر کانگریسیوں نے جم کر احتجاج منظم کیا۔پی۔سبیتا اندراریڈی آج وقارآباد ضلع کے پرگی میں منعقدہ زرعی مارکیٹ کمیٹی کی صدارت اور دیگر نامزد عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی غرض سے پہنچی تھیں۔
مارکیٹ کمیٹی یارڈ میں منعقدہ اس تقریب کے دؤران مقامی کانگریسی قائدین محمدایوب ،لال کرشنا،ہنمنتو مدیراج،رکن بلدیہ سرینواور دیگر قائدین اور کارکن وہاں پہنچ گئے اور وزیرتعلیم کو ایک یادداشت حوالے کرنے کی کوشش کی پولیس نے ان سے کہا کہ تقریب کے بعد وہ وزیرتعلیم سے ملاقات کریں۔
تاہم کانگریسی قائدین بضد تھے کہ وہ تقریب میں پہنچ کر وزیرتعلیم سے ملاقات کریں گے حالات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے چند کانگریسی قائدین کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
جس کے خلاف ان کانگریسی قائدین نے مخالف حکومت نعرے لگاتے ہوئے وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی اور رکن اسمبلی پر گی مہیش ریڈی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
ان کانگریسی قائدین نے بعدازاں وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی جس میں حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ” دلت بندھو اسکیم ” پر صرف حضورآباد اسمبلی حلقہ میں عمل نہ کیا جائے بلکہ پوری ریاست تلنگانہ میں اس پر عمل آوری کی جائے۔
اور اسی طرز پر” ایس ٹی، بی سی بندھو اسکیم ” کا بھی اعلان کیا جائے ساتھ ہی کوندرگو۔لکشمی دیوی پلی اور پرگی پراجکٹ کو 10 ٹی ایم سی پانی کے ذخیرہ کا حامل بنایا جائے۔اس موقع پر رکن اسمبلی پرگی مہیش ریڈی بھی موجود تھے۔
بعدازاں ان کانگریسی قائدین نے بطور احتجاج رکن اسمبلی پرگی مہیش ریڈی کے مکان کے روبرو باجے بجائے جس طرح کسی کی آخری رسومات کے وقت ہندو رسم و رواج کے تحت بجایا جاتا ہے اور یہاں بھی مطالبہ کیا کہ دلت بندھو اسکیم کو بشمول حلقہ اسمبلی پرگی ریاست میں نافذ کیا جائے ورنہ رکن اسمبلی پرگی مہیش ریڈی اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں۔پولیس نے چند احتجاجی کانگریسی قائدین کو گرفتار کرلیا۔ جنہیں بعدازاں رہا کردیا گیا۔